Hajj ke afaal me masnooat k irtakab ka bayan

حج کے افعال میں ممنوعات کے ارتکاب کا بیان

سوال : ان جنایات کو بیان کیجئے حاجی حج کے افعال میں کبھی جن کا ارتکاب کرتا ہے؟

جواب : حج کے افعال میں جنایات کی کئی قسمیں ہیں ان میں سے طہارت کے بغیر طواف کرنا ہے اور ان میں سے واجب کو چھوڑنا ہے اور ان میں سے ترتیب میں خلل ڈالنا ہے اور ان میں سے رکن یا واجب کو اس کے وقت سے مؤخر کرنا ہے اور ان (سب) کی تفصیل درج ذیل ہے

بے وضو یا جنبی ہو کر طواف کرنے کا بیان

سوال : جب حاجی جنبی یا بے وضو ہو کر طواف کرے تو اس کے ذمہ کیا ہے؟

جواب :  جب حاجی بے وضو ہو کر طواف قدوم یا طواف صدر کرے تو اس کے ذمہ ہر چکر کے عوض گندم کے آدھے صاع کا صدقہ ہے اور یہی حکم ہے ہر اس طواف میں جو نفل ہے۔ 

اور اگر جنبی ہو کر طواف قدوم یا طواف صدر کرے تو اس کے ذمہ بکری ہے اور یہی حکم اس عورت (کے بارے) میں ہے جو حیض والی یا نفاس والی ہو کر طوافِ قدوم یا (طوافِ) صدر کرے۔
 
 اور اگر بے وضو ہو کر طواف ِ زیارت کرے تو اس کے ذمہ بکری ہے۔ 

 اور اگر جنبی ہو کر طواف زیارت کرے تو اس کے ذمہ بدنہ ہے اور یہی حکم اس عورت (کے بارے) میں ہے جو حیض والی یا نفاس والی ہو کر طواف زیارت کرے۔

فائدہ : جب بے وضو ہو یا جنبی ہو کر طواف کرے پھر پاک ہو کر اس (طواف) کو لوٹائے تو جزا اس سے ساقط ہو جائے گی۔ 

حج کے افعال میں واجب چھوڑنے کا بیان 

سوال : اس (شخص) پر کیا واجب ہوتا ہے جو حج کے واجبات میں سے کوئی واجب چھوڑ دے؟

جواب : اس کی جزا درج ذیل ہے

جو طلوع فجر کے بعد وقوف مزدلفہ چھوڑ دے تو اس کے ذمہ دم ہے۔

جو صفا اور مروہ کے درمیان سعی چھوڑ دے تو اس کے ذمہ دم ہے۔

 جو تمام دنوں میں جمروں کی رمی چھوڑ دے یا نحر کے دن جمرہ عقبہ کی رمی چھوڑ دے یا رمی کے دنوں میں سے کسی دن اکثر کنکریاں چھوڑ دے تو ان صورتوں میں سے ہر صورت میں اس کے ذمہ دم ہے اور اگر کسی دن تینوں جمروں میں سے کسی ایک کی رمی چھوڑ دے تو اس کے ذمہ صدقہ ہے۔

 جو شخص غروب آفتاب سے پہلے عرفات سے نکل جائے تو اس کے ذمہ دم ہے الّا یہ کہ غروب آفتاب سے پہلے لوٹ آئے۔

 جو طواف وداع (مکمل) یا اس کے چار چکر چھوڑ دے تو اس کے ذمہ دم ہے اور اگر اس کے تین چکر چھوڑ دے تو اس کے ذمہ صدقہ ہے اور جزا ساقط ہو جائے گی جب وہ مکہ (مکرمہ) لوٹ آئے اور طواف کرے۔




No comments:

Powered by Blogger.