Minah ki taraf jane Jamrah aqbah ki rami , zibah or halaq ka bayan
منیٰ کی طرف جانے، جمرۂ عقبہ کی رمی، ذبح اور حلق کا بیان
سوال: مزدلفہ میں وقوف کے بعد حاجی کیا کرے؟
جواب: جب طلوع آفتاب سے تھوڑا وقت باقی رہ جائے تو منیٰ چلا جائے پس جب منیٰ پہنچ جائے تو جمرۂ عقبہ سے ابتدا کرے پس اسے خذف کی کنکری کے برابر سات کنکریاں مارے اور ہر کنکری کے ساتھ اللہ اکبر کہے اور یہ کہے:
بِسْمِ اللہِ اللہُ اَکبَرُ رَضِیً لِلرَّحْمٰنِ وَرَغْمًا لِلشَّیْطَانِ
ترجمہ: اللہ تعالیٰ کے نام سے شروع کرتا ہوں اللہ تعالیٰ سب سے بڑے ہیں رحمٰن کی خوشنودی کے لیے اور شیطان کی ذلت کے لیے
اور رمی کے بعد جمرۂ عقبہ کے پاس نہ ٹھہرے اور پہلی کنکری کے ساتھ تلبیہ بند کر دے۔
سوال: کیا اس پر ذبح لازم ہے؟
جواب: مفرد حاجی پر ذبح لازم نہیں بلکہ اس کے لیے مستحب ہے کہ وہ ہدی ذبح کرے۔
سوال: پھر کیا کرے؟
جواب: منفرد حاجی جب نحر کے دن یعنی 10 ذولحجہ کو جمرۂ عقبہ کی رمی کر لے تو سر کے بال مونڈے یا چھانٹے اور مونڈنا افضل ہے پس جب سر کے بال مونڈ لے یا چھانٹ لے تو وہ احرام سے نکل گیا اور عورتوں کے علاوہ ہر شے اس کے لیے حلال ہوگئی پس وہ سلا ہوا کرتہ اور پائجامہ وغیرہ پہنے اور اپنے کپڑے اور بدن کو خوشبو لگائے اور اپنے فالتو بال مونڈے اور اپنے ناخن تراشے پس بہرحال متمتع اور قارن تو وہ جمرۂ عقبہ کی رمی کے بعد ہدی ذبح کریں پھر سر کے بال مونڈیں یا چھانٹیں۔
سوال: اگر مفرد ذبح کرنا چاہے تو کیا ذبح کے بعد یا اس سے پہلے سر کے بال مونڈے یا چھانٹے؟
جواب: دونوں صورتیں اس کے لیے جائز ہیں لیکن ذبح کے بعد سر کے بال مونڈنا افضل ہے۔
سوال: کہاں سر کے بال مونڈے یا چھانٹے؟
جواب: حرم کی حدود میں سر کے بال مونڈے یا چھانٹے پس اگر اس نے حرم کے باہر سر کے بال مونڈے یا چھانٹے تو دم اسے لازم ہوگیا۔

No comments: