Sohbat karne se pehle talaq

صحبت کرنے سے پہلے طلاق کا بیان

سوال : صحبت کرنے سے پہلے طلاق کا حکم کیا ہے؟

جواب : جب مرد اپنی بیوی کو صحبت کرنے سے پہلے طلاق دے تو اس سے طلاق واقع ہو جائے گی پس اگر وہ اسے ایک لفظ میں تین طلاقیں دے تو تینوں اس پر واقع ہو جائیں گی اور اگر تین طلاقوں کو جدا کرے تو وہ پہلی طلاق سے جدا ہو جائے گی اور دوسری و تیسری طلاق واقع نہیں ہوگی اور رجعی طلاق اس خاتون پر بالکل واقع نہیں ہوتی جس سے صحبت نہیں کی اور اس کی طلاق یا تو بائن ہے یا مغلظ۔

سوال : بیوی سے کہا کہ تو طلاق والی ہے ایک اور ایک یا کہا کہ تو طلاق والی ہے ایک سے پہلے ایک یا اس ایک کے بعد ایک تو کتنی طلاقیں واقع ہوں گی؟

جواب : ان صورتوں میں اس پر ایک طلاق واقع ہوگی۔

سوال : اگر کہے کہ طلاق والی ہے ایک کے بعد ایک کے ساتھ ایک یا اس ایک کے ساتھ ایک تو ان صورتوں کا حکم کیا ہے؟

جواب : ان تمام صورتوں میں دو طلاقیں واقع ہوں گی۔

سوال : بیوی سے کہا کہ اگر تو گھر میں داخل ہوئی تو طلاق والی ہے ایک اور ایک پس وہ گھر میں داخل ہو گئی تو اس کا حکم کیا ہے؟

جواب : اس میں حضرت ابو حنیفہ اور آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ عنہ کے صاحبین رحمہما اللہ تعالیٰ کے درمیان اختلاف ہے پس حضرت ابو حنیفہ رحمۃ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ایک طلاق واقع ہوگی اور صاحبین رحمہما اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ دو طلاقیں واقع ہوں گی۔

فائدہ : یہ تمام تفصیل غیر مدخول بہا میں جاری ہوتی ہے بہرحال مدخول بہا تو تمام صورتوں میں اس پر دو طلاقیں واقع ہوتی ہیں۔



No comments:

Powered by Blogger.