Ghar me dakhil hone bahir ane or rahaish karne me qasam ka bayan
گھر وغیرہ میں داخل ہونے، باہر آنے اور رہائش کرنے میں قسم کا بیان
سوال : قسم کھائی کہ وہ دار(گھر کا صحن یا میدان) میں داخل نہیں ہوگا پس وہ ویران دار میں داخل ہوگیا (تو) کیا وہ اس سے حانث ہوجاۓ گا؟
جواب : حانث نہیں ہوگا۔
سوال : اگر قسم کھائی کہ وہ اس دار میں داخل نہیں ہوگا پس وہ اس میں داخل ہوا بعد اس کے کہ وہ (دار) ویران و شکستہ ہوگیا اور صحرا بن گیا (تو) کیا وہ اس سے حانث ہوجاۓ گا؟
جواب : حانث ہوجاۓ گا۔
سوال : اس بارے میں آپ کا قول کیا ہے جب وہ قسم کھاۓ کہ وہ اس بیت(چار دیواری والا مکان جس میں شب باشی کی جاتی ہو خواہ اس کی چھت ہو یا نہ نہیں) میں داخل نہیں ہوگا پس وہ بیت کے ویران و شکستہ ہونے کے بعد اس میں داخل ہوا؟
جواب : وہ اس صورت میں حانث نہیں ہوگا۔
سوال۔ قسم کھائی کہ وہ اس دار میں داخل نہیں ہوگا، حالانکہ وہ اس میں موجود ہے اور فی الحال وہ نکلا نہیں بلکہ وہ اس میں کھڑا یا بیٹھا رہا تو کیا وہ حانث میں شمار کیا جائے گا؟
جواب : وہ اس صورت میں حانث شمار نہیں کیا جاۓ گا بلکہ وہ حانث ہوگا بعد اس کے کہ وہ نکلے پھر داخل ہو۔
سوال : قسم کھائی کہ بیت میں داخل نہیں ہوگا پس وہ کعبہ مشرفہ یا مسجد یا کلیسا یا گرجا میں داخل ہوا (تو) کیا وہ حانث ہوجاۓ گا؟
جواب : حانث نہیں ہوگا۔
سوال : قسم کھائی کہ وہ اس دار میں داخل نہیں ہوگا پس وہ اس کی چھت پر کھڑا ہوگیا یا اسکی ڈیوڑھی میں داخل ہوگیا (تو) کیا وہ اس سے حانث ہوجاۓ گا؟
جواب : جی ہاں! حانث ہو جاۓ گا لیکن جب دروازے کے محراب میں ایسی جگہ کھڑا ہو کہ جب دروازہ بند کر دیا جاۓ تو وہ باہر رہ جاۓ تو حانث نہیں ہوگا۔
سوال : قسم کھائی کہ وہ اس دار میں رہائش نہیں کرے گا پس وہ خود اس سے نکل گیا اور اپنے گھر والوں اور اپنے سامان کو اس میں چھوڑ دیا تو اسکا حکم کیا ہے؟
جواب : وہ اس صورت میں حانث ہو جاۓ گا۔
بیچنے، خریدنے اور کرایہ پر دینے میں قسم کا بیان
سوال : قسم کھائی کہ وہ نہیں بیچے گا یا نہیں خریدے گا پس اس نے کسی شخص کو وکیل بنایا تاکہ وہ یہ (کام) کرے (تو) کیا وہ اس صورت میں حانث ہو جاۓ گا؟
جواب۔ حانث نہیں ہوگا۔
بیٹھنے اور سونے میں قسم کا بیان
سوال : قسم کھائی کہ وہ زمین پر نہیں بیٹھے گا پس وہ بچھونے یا چٹائی پر بیٹھ گیا (تو) اس سے حانث ہو جاۓ گا؟
جواب۔ حانث نہیں ہوگا۔
سوال۔ قسم کھائی کہ وہ تخت پر نہیں بیٹھے گا پس وہ ایسے تخت پر بیٹھ گیا جس کے اوپر بچھونا ہے (تو) اس کا حکم کیا ہے؟
جواب : حانث ہو جائے گا ۔
سوال : جب تخت کے اوپر دوسرا تخت لگا دے اور اس پر بیٹھ جائے ( تو ) کیا وہ حانث ہو جائے گا ؟
جواب : وہ حانث نہیں ہو گا بشرطیکہ محلوف علیہ تخت معین ہو ۔
سوال : قسم کھائی کہ وہ بستر پر نہیں سوئے گا پس وہ ایسے بستر پر سو گیا جس کے اوپر باریک کپڑا ہے ( تو ) اس کا حکم کیا ہے ؟
جواب : وہ اس صورت میں حانث ہو جائے گا ۔ جی ہاں ! اگر وہ اس ( بستر ) کے اوپر دوسرا بستر لگا دے اور اس پر سو جائے ( تو ) حانث نہیں ہو گا ۔

No comments: