Surah Baqrah 211 - 213 Rukoo 26
آیات 213 - 211
رکوع 26
آیت 211
سَلۡ بَنِىۡٓ اِسۡرَآءِيۡلَ كَمۡ اٰتَيۡنٰهُمۡ مِّنۡ اٰيَةٍۢ بَيِّنَةٍ ؕ وَمَنۡ يُّبَدِّلۡ نِعۡمَةَ اللّٰهِ مِنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡهُ فَاِنَّ اللّٰهَ شَدِيۡدُ الۡعِقَابِ
لفظی ترجمہ
سَلْ : پوچھو | بَنِىْٓ اِسْرَآءِ يْلَ : بنی اسرائیل | كَمْ : کس قدر | اٰتَيْنٰھُمْ : ہم نے انہیں دیں | مِّنْ : سے | اٰيَةٍ : نشانیاں | بَيِّنَةٍ : کھلی | وَ : اور | مَنْ : جو | يُّبَدِّلْ : بدل ڈالے | نِعْمَةَ : نعمت | اللّٰهِ : اللّه | مِنْۢ بَعْدِ : اس کے بعد | مَا : جو | جَآءَتْهُ : آئی اس کے پاس | فَاِنَّ : تو بیشک | اللّٰهَ : اللّه | شَدِيْدُ : سخت | الْعِقَابِ : عذاب
ترجمہ
بنی اسرائیل سے پوچھو کیسی کھلی کھلی نشانیاں ہم نے اُنہیں دکھائی ہیں اور پھر یہ بھی انہیں سے پوچھ لو کہ اللّه کی نعمت پانے کے بعد جو قوم اس کو شقاوت سے بدلتی ہے اُسے اللّه کیسی سخت سزادیتا ہے
تفسیر
ربط آیات
اوپر فرمایا تھا کہ بعد دلائل واضحہ آجانے کے حق کی مخالفت کرنا موجب سزا پہلی آیت میں اس کی دلیل بیان فرماتے ہیں کہ جیسے بنی اسرائیل کو ایسی ہی مخالفت پر سزادی گئی
آپ علماء بنی
اسرائیل سے ذرا)پوچھئے تو سہی ہم نے ان کو یعنی ان کے بزرگوں کو کتنی واضح دلیلیں دی تھیں مگر ان لوگوں نے بجائے اس کے کہ اس سے ہدایت حاصل کرتے اور الٹی گمراہی پر کمر باندھی پھر دیکھو سزائیں بھی بھگتیں مثلا توراۃ ملی چاہئے تو یہ تھا کہ اس کو قبول کرتے مگر انکار کیا آخر کوہ طور گرانے کی ان کو دھمکی دی گئی اور مثلا حق تعالیٰ کا کلام سنا چاہئے تھا سر آنکھوں پر رکھتے مگر شبہات نکالے آخر بجلی سے ہلاک ہوئے اور مثلا دریا میں شگاف کرکے فرعون سے نجات دی گئی احسان مانتے مگر گوسالہ پرستی شروع کی جس پر سزائے قتل دی گئی اور مثلا من وسلویٰ نازل ہوا شکر کرنا چاہئے تھا نافرمانی کی وہ سڑنے لگا اور اس سے نفرت ظاہر کی تو وہ موقوف ہوگیا، اور کھیتی کی مصیبت سر پر پڑی اور مثلا انبیاء علیہم السلام کا سلسلہ ان میں جاری رہا غنیمت سمجھتے ان کو قتل کرنا شروع کردیا جس پر یہ سزا دی گئی کہ ان سے حکومت و سلطنت چھین لی گئی وعلیٰ ھذاٰ بہت سے معاملات اسی سورة بقرہ کے شروع میں بھی مذکور ہوچکے ہیں اور ہمارا قانون ہی یہ ہے کہ جو شخص اللّه تعالیٰ کی ایسی بڑی نعمت دلائل واضحہ کو بدلتا ہے اس کے پاس پہنچنے کے بعد یعنی بجائے اس کے کہ اس سے ہدایت حاصل کرے اور الٹا گمراہ بنتا ہے تو یقینا حق تعالیٰ ایسے شخص کو سخت سزا دیتے ہیں
دوسری آیت میں مخالفت حق کی اصلی علت اکثر یہ بیان فرماتے ہیں کہ وہ دنیا کی محبت ہے جس کے آثار میں سے اہل دین کو حقیر سمجھنا بھی ہے کیونکہ جب دنیا کا غلبہ ہوتا ہے دین کی طلب نہیں رہتی بلکہ دین کو اپنی دنیوی اغراض کے خلاف دیکھ کر ترک کر بیٹھتا ہے اور دوسرے طالبان دین پر ہنستا ہے چناچہ بعض رؤسائے بنی اسرائیل اور جہلائے مشرکین غریب مسلمانوں کے ساتھ باستہزا پیش آیا کرتے تھے ان لوگوں کا بیان فرماتے ہیں کہ دنیوی معاش کفار کو آراستہ پیراستہ معلوم ہوتی ہے اور اسی وجہ سے ان مسلمانوں سے تمسخر کرتے ہیں حالانکہ یہ مسلمان جو کفر و شرک سے بچتے ہیں ان کافروں سے اعلیٰ درجہ کی حالت میں ہوں گے قیامت کے روز کیونکہ کفار جہنم میں ہوں گے اور مسلمان جنت میں اور آدمی کو محض معاشی وسعت پر مغرور نہ ہونا چاہئے کیونکہ روزی تو اللّه تعالیٰ جس کو چاہتے ہیں بےانداز یعنی بکثرت دیدیتے ہیں پس اس کا مدار قسمت پر ہے نہ کہ کمال اور مقبولیت پر سو یہ ضرور نہیں کہ جو روزی میں بڑا ہو وہ اللّه کے نزدیک بھی معزز ہو اور بڑی عزت وہی ہے جو اللّه کے نزدیک معتبر ہو پھر محض اس کے اوپر اپنے کو معزز اور دوسرے کو ذلیل سمجھنا بیوقوفی ہے
دنیا کے مال و دولت
اور عزت وجاہ پر مغرور ہونے اور غریب لوگوں کا استہزاء کرنے کی حقیقت قیامت کے روز آنکھوں کے سامنے آجائے گی۔
حضرت علی مرتضیٰ رضی اللّه عنہ سے روایت ہے کہ
جو شخص کسی مومن مرد یا عورت کو اس کے فقر وفاقہ کی وجہ سے ذلیل و حقیر سمجھتا ہے اللّه تعالیٰ قیامت کے روز اس کو اولین وآخرین کے مجمع میں رسوا اور ذلیل کریں گے اور جو شخص کسی مسلمان مرد یا عورت پر بہتان باندھتا ہے اور کوئی ایسا عیب اس کی طرف منسوب کرتا ہے جو اس میں نہیں ہے اللّه تعالیٰ قیامت کے روز اس کو آگ کے ایک اونچے ٹیلہ پر کھڑا کریں گے جب تک کہ وہ خود اپنی تکذیب نہ کرے
(ذکرالحدیث القرطبی)
آیت 212
زُيِّنَ لِلَّذِيۡنَ كَفَرُوا الۡحَيٰوةُ الدُّنۡيَا وَيَسۡخَرُوۡنَ مِنَ الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا ۘ وَالَّذِيۡنَ اتَّقَوۡا فَوۡقَهُمۡ يَوۡمَ الۡقِيٰمَةِ ؕ وَاللّٰهُ يَرۡزُقُ مَنۡ يَّشَآءُ بِغَيۡرِ حِسَابٍ
لفظی ترجمہ
زُيِّنَ : آراستہ کی گئی | لِلَّذِيْنَ : وہ لوگ جو | كَفَرُوا : کفر کیا | الْحَيٰوةُ : زندگی | الدُّنْيَا : دنیا | وَيَسْخَرُوْنَ : اور وہ ہنستے ہیں | مِنَ : سے | الَّذِيْنَ : جو لوگ | اٰمَنُوْا : ایمان لائے | وَالَّذِيْنَ : اور جو لوگ | اتَّقَوْا : پرہیزگار ہوئے | فَوْقَهُمْ : ان سے بالا تر | يَوْمَ الْقِيٰمَةِ : قیامت کے دن | وَاللّٰهُ : اور اللّه | يَرْزُقُ : رزق دیتا ہے | مَنْ : جسے | يَّشَآءُ : وہ چاہتا ہے | بِغَيْرِ حِسَابٍ : بےحساب
ترجمہ
جن لوگوں نے کفر کی راہ اختیار کی ہے اُن کے لیے دنیا کی زندگی بڑی محبوب و دل پسند بنا دی گئی ہے ایسے لوگ ایمان کی راہ اختیار کرنے والوں کا مذاق اڑاتے ہیں مگر قیامت کے روز پرہیز گار لوگ ہی اُن کے مقابلے میں عالی مقام ہوں گے رہا دنیا کا رزق تو اللّه کو اختیار ہے جسے چاہے بے حساب دے
آیت 213
كَانَ النَّاسُ اُمَّةً وَّاحِدَةً فَبَعَثَ اللّٰهُ النَّبِيّٖنَ مُبَشِّرِيۡنَ وَمُنۡذِرِيۡنَ ۖ وَاَنۡزَلَ مَعَهُمُ الۡكِتٰبَ بِالۡحَـقِّ لِيَحۡكُمَ بَيۡنَ النَّاسِ فِيۡمَا اخۡتَلَفُوۡا فِيۡهِ ؕ وَمَا اخۡتَلَفَ فِيۡهِ اِلَّا الَّذِيۡنَ اُوۡتُوۡهُ مِنۡۢ بَعۡدِ مَا جَآءَتۡهُمُ الۡبَيِّنٰتُ بَغۡيًا ۢ بَيۡنَهُمۡۚ فَهَدَى اللّٰهُ الَّذِيۡنَ اٰمَنُوۡا لِمَا اخۡتَلَفُوۡا فِيۡهِ مِنَ الۡحَـقِّ بِاِذۡنِهٖ ؕ وَاللّٰهُ يَهۡدِىۡ مَنۡ يَّشَآءُ اِلٰى صِرَاطٍ مُّسۡتَقِيۡمٍ
لفظی ترجمہ
كَانَ : تھے | النَّاسُ : لوگ | اُمَّةً : امت | وَّاحِدَةً : ایک | فَبَعَثَ : پھر بھیجے | اللّٰهُ : اللّه | النَّبِيّٖنَ : نبی | مُبَشِّرِيْنَ : خوشخبری دینے والے | وَ : اور | مُنْذِرِيْنَ : ڈرانے والے | وَاَنْزَلَ : اور نازل کی | مَعَهُمُ : ان کے ساتھ | الْكِتٰبَ : کتاب | بِالْحَقِّ : برحق | لِيَحْكُمَ : تاکہ فیصلہ کرے | بَيْنَ : درمیان | النَّاسِ : لوگ | فِيْمَا : جس میں | اخْتَلَفُوْا : انہوں نے اختلاف کیا | فِيْهِ : اس میں | وَمَا : اور نہیں | اخْتَلَفَ : اختلاف کیا | فِيْهِ : اس میں | اِلَّا : مگر | الَّذِيْنَ : جنہیں | اُوْتُوْهُ : دی گئی | مِنْۢ بَعْدِ : بعد | مَا : جو۔ جب | جَآءَتْهُمُ : آئے ان کے پاس | الْبَيِّنٰتُ : واضح حکم | بَغْيًۢا : ضد | بَيْنَهُمْ : ان کے درمیان ( آپس کی) | فَهَدَى: پس ہدایت دی | اللّٰهُ : اللّه | الَّذِيْنَ : جو لوگ | اٰمَنُوْا : ایمان لائے | لِمَا : لیے۔ جو | اخْتَلَفُوْا : جو انہوں نے اختلاف کیا | فِيْهِ : اس میں | مِنَ : سے (پر) | الْحَقِّ : سچ | بِاِذْنِهٖ : اپنے اذن سے | وَاللّٰهُ : اور اللّه | يَهْدِيْ : ہدایت دیتا ہے | مَنْ : جسے | يَّشَآءُ : وہ چاہتا ہے | اِلٰى: طرف راستہ | صِرَاطٍ : راستہ | مُّسْتَقِيْمٍ : سیدھا
ترجمہ
ابتدا میں سب لوگ ایک ہی طریقہ پر تھے پھر یہ حالت باقی نہ رہی اور اختلافات رونما ہوئے تب اللّه نے نبی بھیجے جو راست روی پر بشارت دینے والے اور کج روی کے نتائج سے ڈرانے والے تھے اور اُن کے ساتھ کتاب بر حق نازل کی تاکہ حق کے بارے میں لوگوں کے درمیان جو اختلافات رونما ہوگئے تھے ان کا فیصلہ کرے اور ان اختلافات کے رونما ہونے کی وجہ یہ نہ تھی کہ ابتدا میں لوگوں کو حق بتایا نہیں گیا تھا نہیں اختلاف اُن لوگوں نے کیا جنہیں حق کا عمل دیا چکا تھا اُنہوں نے روشن ہدایات پا لینے کے بعد محض اس کے لیے حق کو چھوڑ کر مختلف طریقے نکالے کہ وہ آپس میں زیادتی کرنا چاہتے تھے پس جو لوگ انبیا پر ایمان لے آئے انہیں اللّه نے اپنے اذن سے اُس حق کا راستہ دکھا دیا جس میں لوگوں نے اختلاف کیا تھا اللّه جسے چاہتا ہے راہ راست دکھا دیتا ہے
تفسیر
ربط آیات
اوپر دین حق سے اختلاف کرنے کی علت حب دنیا کو بتایا ہے آگے اسی مضمون کی تائید فرماتے ہیں کہ مدت سے یہی قصہ چلا آرہا ہے کہ ہم دلائل واضحہ دین حق پر قائم کرتے ہیں اور طالبان دنیا اپنی دنیوی اغراض کے سبب اس سے خلاف کرتے رہے
ایک زمانہ میں سب آدمی ایک ہی طریق پر تھے کیونکہ اول دنیا میں حضرت آدم علیہ السلام مع اپنی بی بی کے تشریف لائے اور جو اولاد ہوتی گئی ان کو دین حق کی تعلیم فرماتے رہے اور وہ ان کی تعلیم پر عمل کرتے رہے ایک مدت اسی حالت میں گذر گئی پھر اختلاف طبائع سے اغراض میں اختلاف ہونا شروع ہوا حتی ٰکہ ایک عرصہ کے بعد اعمال و عقائد میں اختلاف کی نوبت آگئی پھر اس اختلاف کے رفع کرنے کو اللّه تعالیٰ نے مختلف پیغمبروں کو بھیجا جو کہ حق ماننے والوں کو خوشی کے وعدے سناتے تھے اور نہ ماننے والوں کو عذاب سے ڈراتے تھے اور ان پیغمبروں کی مجموعی جماعت کے ساتھ آسمانی کتابیں بھی ٹھیک طور پر نازل فرمائیں اور ان پیغمبروں کا بھیجنا اور کتابوں کا نازل فرمانا اس غرض سے تھا کہ اللّه تعالیٰ ان رسل وکتب کے ذریعہ سے اختلاف کرنے والے لوگوں میں ان کے امور اختلافیہ مذہبی میں فیصلہ فرمادیں کیونکہ رسل وکتب امر واقعی کا اظہار کردیتے ہیں اور امر واقعی کے متعین ہونے سے ظاہر ہے کہ غیر واقعی کا غلط ہوجانا معلوم ہوجاتا ہے اور یہی فیصلہ ہے اور ان پیغمبروں کے ساتھ کتاب اللّه آنے سے چاہئے تھا کہ اس کتاب کو قبول کرتے اور اس پر مدار کار رکھ کر اپنے سب اختلافات مٹا دیتے مگر بعضوں نے خود اس کتاب ہی کو نہ مانا اور خود اسی میں اختلاف کرنا شروع کردیا اور اس کتاب میں یہ اختلاف اور کسی نے نہیں کیا مگر صرف ان لوگوں نے جن کو اولا وہ کتاب ملی تھی یعنی اہل علم واہل فہم نے کہ اول مخاطب وہی لوگ ہوتے ہیں دوسرے عوام ان کے ساتھ لگ لیا کرتے ہیں اور اختلاف بھی کیسے وقت کیا بعد اس کے کہ ان کے پاس دلائل واضحہ پہنچ چکے تھے یعنی ان کے ذہن نشین ہوچکے تھے اور اختلاف کیا کس وجہ سے صرف باہمی ضدا ضدی کی وجہ سے اور اصلی وجہ ضدا ضدی کی حب دنیا ہوتی ہے حب مال ہو یا حب جاہ پس مدار علت مخالفت حق کا وہی حب دنیا ٹھری اور یہی مضمون تھا سابق میں پھر یہ اختلاف کفار کا کبھی اہل ایمان کو مضر نہیں ہوا بلکہ اللّه تعالیٰ نے ہمیشہ ایمان والوں کو وہ امر حق جس میں مختلفین اختلاف کیا کرتے تھے بفضلہ تعالیٰ رسولوں اور کتابوں پر ایمان لانے کی بدولت بتلا دیا اور اللّه تعالیٰ جس کو چاہتے ہیں اسی کو راہ راست بتلا دیتے ہیں۔
معارف و مسائل
اس آیت میں یہ بیان کیا گیا ہے کہ کسی زمانہ میں تمام انسان ایک ہی مذہب وملت اور عقیدہ و خیال پر تھے جو ملت اور دین فطرت تھی پھر ان میں مزاج و مذاق اور رائے وفکر کے اختلاف سے بہت سے مختلف خیالات و عقائد پیدا ہوگئے جن میں یہ امتیاز کرنا دشوار تھا کہ ان میں حق کونسا ہے اور باطل کونسا حق کو واضح کرنے اور صحیح راہ حق بتلانے کے لئے اللّه تعالیٰ نے انبیاء علیہم السلام بھیجے اور ان پر کتابیں اور وحی نازل فرمائی انبیاء علیہم السلام کی جدوجہد اور تبلیغ و اصلاح کے بعد انسان دو گروہوں میں منقسم ہوگئے ایک وہ جنہوں نے اللّه تعالیٰ کی بھیجی ہوئی ہدایات کو قبول کیا اور انبیاء علیہم السلام کے متبع ہوگئے جن کو مومن کہا جاتا ہے دوسرے وہ جنہوں نے آسمانی ہدایات اور انبیاء علیہم السلام کو جھٹلایا ان کی بات نہ مانی یہ لوگ کافر کہلاتے ہیں اس آیت کے پہلے جملہ میں ارشاد ہے
وَمَا كَان النَّاسُ اِلَّآ اُمَّةً
امام راغب اصفہانی نے مفردات القرآن میں فرمایا ہے کہ لفظ امۃ عربی لغت کے اعتبار سے ہر ایسی جماعت کو کہا جاتا ہے جس میں کسی وجہ سے رابطہ و اتحاد اور وحدت قائم ہو خواہ یہ وحدت نظریات و عقائد کی ہو یا ایک زمانہ میں یا کسی ایک خطہ ملک میں جمع ہونے کے یا کسی دوسرے علاقہ یعنی نسب، زبان، رنگ وغیرہ کی، مفہوم اس جملہ کا یہ ہے کہ کسی زمانہ میں تمام انسان باہم متفق ومتحد ایک جماعت تھے اس میں دو باتیں قابل غور ہیں۔
اول یہ کہ اس جگہ وحدت سے کس قسم کی وحدت مراد ہے دوسرے یہ کہ وحدت کس زمانہ میں تھی امر اول کا فیصلہ تو اسی آیت کے آخری جملہ نے کردیا جس میں اس وحدت کے بعد اختلاف واقع ہونے کا اور مختلف راہوں میں حق متعین کرنے کے لئے انبیاء علیہم السلام اور آسمانی کتابیں بھیجی ہے کیونکہ یہ اختلاف جس میں فیصلہ کرنے کے لئے انبیاء علیہ السلام اور آسمانی کتابیں بھیجی گئی ہیں ظاہر ہے کہ وہ نسب یا زبان یا رنگ یا وطن اور زمانہ کا اختلاف نہ تھا بلکہ نظریات اور عقائد و خیالات کا اختلاف تھا اسی کے مقابلہ سے معلوم ہوا کہ اس آیت میں وحدت سے بھی وحدت فکر و خیال اور وحدت عقیدہ ومسلک مراد ہے۔
تو اب مفہوم آیت کا یہ ہوگیا کہ ایک زمانہ ایسا تھا جب کہ تمام افراد انسانی صرف ایک ہی عقیدہ و خیال اور ایک ہی مذہب ومسلک رکھتے تھے وہ عقیدہ ومسلک کیا تھا اس میں دو احتمال ہیں ایک یہ کہ سب عقیدہ توحید و ایمان پر متفق تھے دوسرے یہ کہ سب کفر وضلال پر متحد تھے مگر جمہور مفسرین کے نزدیک راجح یہ ہے کہ مراد عقائد صحیحہ توحید و ایمان پر سب کا متحد ہونا سورة یونس میں بھی اسی مضمون کی ایک آیت آئی ہے
وَمَا كَان النَّاسُ اِلَّآ اُمَّةً وَّاحِدَةً فَاخْتَلَفُوْ آ وَلَوْلَا كَلِمَةٌ سَبَقَتْ مِنْ رَّبِّكَ لَقُضِيَ بَيْنَھُمْ فِيْمَا فِيْهِ يَخْتَلِفُوْنَ
(١٩: ١٠)
یعنی سب آدمی ایک ہی امت تھے پھر آپس میں اختلاف پڑگیا اور اگر اللّه تعالیٰ کا یہ ازلی فیصلہ نہ ہوتا کہ اس عالم دنیا میں حق و باطل کھرا کھوٹا سچ اور جھوٹ ملے جلے چلیں گے تو قدرت الہیہ ان سب جھگڑوں کا ایسا فیصلہ کردیتی کہ حق سے اختلاف کرنے والوں کا نام ہی نہ رہتا۔
اور سورة انبیاء میں فرمایا
اِنَّ هٰذِهٖٓ اُمَّتُكُمْ اُمَّةً وَّاحِدَةً وَّاَنَا رَبُّكُمْ فَاعْبُدُوْنِ
(٩٢: ٢١)
یہ تمہاری جماعت ایک ہی جماعت ہے اور میں تمہارا رب ہوں اس لئے سب میری ہی عبادت کرتے رہو۔
اسی طرح سورة مؤ منون میں فرمایا
وَاِنَّ هٰذِهٖٓ اُمَّتُكُمْ اُمَّةً وَّاحِدَةً وَّاَنَا رَبُّكُمْ فَاتَّــقُوْنِ
(٥٢: ٢٣)
یعنی یہ تمہاری جماعت ایک ہی جماعت ہے اور میں تمہارا رب ہوں اس لئے مجھ سے ہی ڈرتے رہو
ان تمام آیات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس جگہ وحدت سے عقیدہ ومسلک کی وحدت اور دین حق توحید ایمان میں سب کا متحد ہونا مراد ہے
اب یہ دیکھنا ہے کہ دین حق اسلام و ایمان پر تمام انسانوں کا اتفاق و اتحاد کسی زمانہ کا واقعہ ہے یہ وحدت کہاں تک قائم رہی ؟
مفسرین صحابہ کرام رضوان اللّه علیہم اجمعین میں سے حضرت ابی بن کعب اور ابن زید نے فرمایا کہ یہ واقعہ عالم ازل کا ہے جب تمام انسانوں کی ارواح کو پیدا کرکے ان سے سوال کیا گیا تھا الست بربکم یعنی کیا میں تمہارا رب نہیں ہوں اور سب نے بلا استثناء یہ جواب دیا تھا کہ بیشک آپ ہمارے رب اور پروردگار ہیں اس وقت تمام افراد انسانی ایک ہی عقیدہ حق پر قائم تھے جس کا نام ایمان واسلام ہے
(قرطبی)
اور حضرت عبداللّه بن عباس نے فرمایا کہ یہ وحدت عقیدہ کا اس وقت کا ہے جب کہ آدم علیہ السلام مع اپنی زوجہ محترمہ کے دنیا میں تشریف لائے اور آپ کی اولاد ہوئی اور پھیلتی گئی وہ سب کے سب حضرت آدم علیہ السلام کے دین اور انہی کی تعلیم و تلقین کے تابع توحید کے قائل تھے اور سب کے سب باستثناء قابیل وغیرہ متبع شریعت و فرمانبردار تھے
مسند بزار میں حضرت ابن عباس کے اس قول کے ساتھ یہ بھی مذکور ہے کہ وحدت عقیدہ حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت ادریس علیہ السلام تک قائم رہی اس وقت تک سب کے سب مسلم اور توحید کے معتقد تھے اور آدم علیہ السلام اور ادریس علیہ السلام کے درمیان زمانہ دس قرن ہے بظاہر قرن سے ایک صدی مراد ہے تو کل زمانہ ایک ہزار سال کا ہوگیا اور بعض حضرات نے یہ بھی فرمایا ہے کہ یہ وحدت عقیدہ کا زمانہ وہ ہے جب کہ نوح علیہ السلام کی بدعاء سے دنیا میں طوفان آیا اور بجز ان لوگوں کے جو نوح علیہ السلام کے ساتھ کشتی میں سوار ہوگئے تھے باقی ساری دنیا غرق ہوگئی تھی طوفان ختم ہونے کے بعد جتنے آدمی اس دنیا میں رہے وہ سب مسلمان موحد اور دین حق کے پیرو تھے۔
اور درحقیقت ان تینوں اقوال میں کوئی اختلاف نہیں یہ تینوں زمانے ایسے ہی تھے جن میں سارے انسان ملت واحدہ اور امت واحدہ بنے ہوئے دین حق پر قائم تھے
آیت کے دوسرے جملہ میں ارشاد ہے
فَبَعَثَ اللّٰهُ النَّبِيّٖنَ مُبَشِّرِيْنَ وَمُنْذِرِيْنَ وَاَنْزَلَ مَعَهُمُ الْكِتٰبَ بالْحَقِّ لِيَحْكُمَ بَيْنَ النَّاسِ فِـيْمَا اخْتَلَفُوْا فِيْهِ
یعنی پھر اللّه تعالیٰ نے پیغمبروں کو بھیجا جو خوشی سناتے تھے اور ڈراتے تھے اور ان کے ساتھ کتابیں بھی ٹھیک طور پر نازل فرمائیں اس غرض سے کہ اللّه تعالیٰ لوگوں میں ان کے امور اختلافیہ میں فیصلہ فرمادیں
یہاں یہ بات غور طلب ہے کہ اوپر کے جملہ میں تمام انسانوں کا امت واحدہ اور ملت واحدہ ہونا بیان کیا تھا اور اس جملہ میں اسی پر تفریع کرتے ہوئے یہ فرمایا کہ ہم نے انبیاء اور کتابیں بھیجی تاکہ اختلاف کا فیصلہ کیا جائے ان دونوں جملوں میں بظاہر جوڑ نہیں معلوم ہوتا کیونکہ انبیاء علیہم السلام اور کتابوں کے بھیجنے کی علت لوگوں کا اختلاف ہے اور اختلاف اس وقت تھا نہیں مگر جواب بالکل واضح ہے کہ مراد آیت مذکورہ کہ یہ ہے کہ ابتداء عالم میں تمام انسان ایک ہی عقیدہ حق کے قائل اور پابند تھے پھر رفتہ رفتہ اختلافات پیدا ہوگئے اختلافات پیدا ہونے کے بعد انبیاء علیہم السلام اور کتابیں بھیجنے کی ضرورت پیش آئی۔
اب ایک بات رہ جاتی ہے کہ اوپر صرف امت واحدہ ہونے کا ذکر کیا گیا اختلاف پیدا ہونے کا ذکر کیوں نہیں کیا گیا جو لوگ قرآن کریم کے اسلوب حکیم پر کچھ نظر رکھتے ہیں ان کے لئے اس کا جواب مشکل نہیں کہ قرآن کریم احوال ماضیہ کے بیان میں قصہ کہانی یا تاریخ کی کتابوں کے سارے قصہ کو کہیں نقل نہیں کرتا بلکہ درمیان سے وہ حصہ حذف کردیتا ہے جو اس سیاق کلام سے خود بخود سمجھا جاسکے جیسے حضرت یوسف علیہ السلام کے قصہ میں جو قیدی رہا ہو کر آیا اور خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے لئے اس نے بادشاہ سے کہا کہ مجھے یوسف علیہ السلام کے پاس بھیج دو تو قرآن میں اس قیدی کی تجویز نقل کرکے بعد بات یہاں سے شروع ہوتی ہے
يُوْسُفُ اَيُّهَا الصِّدِّيْقُ
اس کا ذکر نہیں کیا کہ بادشاہ نے اس کی تجویز کو پسند کیا اور اس کو جیل خانہ میں حضرت یوسف علیہ السلام کے پاس بھیجا وہ وہاں پہنچ کر ان سے مخاطب ہوا کیونکہ پچھلے اور اگلے جملوں کے ملانے سے یہ ساری باتیں خود بخود سمجھ میں آجاتی ہیں
اسی طرح اس آیت میں وحدت ملت کے بعد اختلاف واقع ہونے کا تدکزہ اس لئے ضروری نہیں سمجھا گیا کہ اختلافات کا وقوع تو ساری دنیا جانتی ہے ہر وقت مشاہدہ میں آتا ہے ضرورت اس امر کے اظہار کی تھی کہ ان اختلافات کثیرہ سے پہلے ایک زمانہ ایسا بھی گذر چکا ہے جس میں سارے انسان ایک ہی مذہب وملت اور ایک ہی دین حق کے پیرو تھے اس کو بیان فرمایا پھر جو اختلاف دنیا میں پھیلے ہوئے اور سب مشاہدہ میں آرہے ہیں ان کے وقوع کا بیان کرنے کی ضرورت نہ تھی ہاں یہ بتلایا گیا کہ ان اختلافات میں راہ حق کی ہدایت اور رہنمائی کا سامان حق تعالیٰ نے کیا فرمایا اس کے متعلق ارشاد ہوا
فَبَعَثَ اللّٰهُ النَّبِيّٖنَ
یعنی حق تعالیٰ نے انبیاء علیہم السلام کو بھیجا جو دین حق کا اتباع کرنے والوں کو دائمی آرام و راحت کی خوش خبری اور اس سے اعراض کرنے والوں کو عذاب جہنم کی وعید سنادیں اور ان کے ساتھ اپنی وحی اور کتابیں بھیجی جو مختلف عقائد و خیالات میں سے صحیح اور حق کو واضح کرکے بتلادیں اس کے بعد یہ ارشاد فرمایا کہ انبیاء علیہم السلام ورسل اور آسمانی کتابوں کے کھلے ہوئے فیصلوں کے بعد بھی یہ دنیا دو گروہوں میں تقسیم ہوگئی کچھ لوگوں نے ان ہدایات واضحہ کو قبول نہ کیا اور تعجب کی بات یہ ہے کہ قبول نہ کرنے والے اول وہی لوگ ہوئے جن کے پاس یہ انبیاء علیہم السلام اور آیات الہیہ بھیجی گئی تھیں یعنی اہل کتاب یہود و نصاریٰ اور اس سے زیادہ تعجب کی بات یہ ہے کہ آسمانی کتابوں میں کوئی اشتباہ یا التباس کی گنجائش نہ تھی کہ ان کی سمجھ میں نہ آئے یا غلط فہمی کا شکار ہوجائیں بلکہ حقیقت یہ تھی کہ جاننے بوجھنے کے باوجود ان لوگوں نے محض ضد اور ہٹ دھرمی سے انکار کیا۔
اور دوسرا گروہ وہ ہوا جن کو اللّه تعالیٰ نے راہ ہدایت پر لگادیا اور جس نے انبیاء ورسل اور آسمانی کتابوں کے فیصلے ٹھنڈے دل سے تسلیم کئے انھیں دونوں گروہوں کا بیان قرآن کریم نے سورة تغابن میں اس طرح فرمایا ہے
خَلَقَكُمْ فَمِنْكُمْ كَافِرٌ وَّمِنْكُمْ مُّؤ ْمِنٌ
(٢: ٦٤)
یعنی اللّه تعالیٰ نے تم کو پیدا کیا پھر تم میں سے کچھ کافر ومنکر ہوگئے کچھ مومن ومسلم۔
خلاصہ مضمون
آیت
کان النَّاسُ اُمَّةً وَّاحِدَةً
کا یہ ہے کہ پہلے دنیا کے سب انسان دین حق پر قائم تھے پھر اختلاف طبائع سے اغراض میں اختلاف ہونا شروع ہوا ایک عرصہ کے بعد اعمال و عقائد میں اختلاف کی نوبت آگئی یہاں تک کہ حق و باطل میں التباس ہونے لگا تو اللہ تعالیٰ نے انبیاء علیہم السلام اور اپنی کتابیں راہ حق کی ہدایت کرنے کے لئے اور اسی دین حق پر دوبارہ قائم ہوجانے کے لئے بھیجی جس پر سب انسان پہلے قائم تھے لیکن ان سب ہدایات واضحہ اور آیات بینات کے ہوتے ہوئے کچھ لوگوں نے مانا اور کچھ لوگوں نے ضد اور عناد سے انکار و انحراف کی راہ اختیار کرلی۔
مسائل
مسئلہ
اس آیت سے چند باتیں معلوم ہوئیں اول یہ کہ اللّه تعالیٰ نے جو بہت سے انبیاء علیہم السلام اور کتابیں دنیا میں بھیجیں یہ سب اس واسطے تھیں کہ یہ لوگ جو دین حق کی ملت واحدہ کو چھوڑ کر مختلف فرقوں میں بٹ گئے ہیں پھر ان کو اسی ملت واحدہ پر قائم کردیں انبیاء علیہم السلام کا یہ سلسلہ یوں ہی چلتا رہا کہ جب لوگ اس راہ حق سے بچلے تو ان کی ہدایت کے لئے اللّه تعالیٰ نے کوئی نبی بھیجا اور کتاب اتاری کہ اس کے موافق چلیں پھر کبھی بہکے تو دوسرا نبی اور کتاب اللّه تعالیٰ نے اسی راہ حق پر قائم کرنے کے لئے بھیج دیا اس کی مثال ایسی ہے جیسے تندرستی ایک ہے اور بیماریاں بیشمار جب ایک مرض پیدا ہوا تو اس کے موافق دوا اور پرہیز مقرر فرمایا جب دوسرا مرض پیدا ہوا تو دوسری دوا اور پرہیز اس کے موافق بتلایا اب آخر میں ایسا جامع نسخہ تجویز فرمایا جو ساری بیماریوں سے بچانے میں اس وقت تک کے لئے کامیاب ثابت ہو جب تک اس عالم کو باقی رکھنا منظور ہو یہ مکمل اور جامع نسخہ ایک جامع اصول علاج سب پچھلے نسخوں کے قائم مقام اور آئندہ سے بےنیاز کرنے والا ہو اور وہ نسخہ جامع اسلام ہے جس کے لئے خاتم الانبیاء صلی اللّه علیہ وآلہ وسلم اور قرآن بھیجے گئے اور پچھلی کتابوں میں تحریف ہو کر جو پچھلے انبیاء کی تعلیمات ضائع اور گم ہوجانے کا سلسلہ اوپر سے چلا آیا تھا جس کے سبب نئے نبی اور نئی کتاب کی ضرورت پیش آتی تھی اس کا یہ انتظام فرما دیا گیا کہ قرآن کریم کے تحریف سے محفوظ رہنے کا ذمہ خود حق تعالیٰ نے لے لیا اور قرآن کریم کی تعلیمات کو قیامت تک ان کی اصلی صورت میں قائم اور باقی رکھنے کے لئے اللّه جل شانہ نے امت محمدیہ علی صاحبہا الصلوۃ والسلام میں تاقیامت ایک ایسی جماعت قائم رکھنے کا وعدہ فرما لیا جو ہمیشہ دین حق پر قائم رہ کر کتاب وسنت کی صحیح تعلیم مسلمانوں میں شائع کرتی رہے گی کسی کی مخالفت و عداوت ان پر اثر انداز نہ ہوگی اس لئے اس کے بعد دروازہ نبوت اور وحی کا بند ہوجانا ناگزیر امر تھا آخر ختم نبوت کا اعلان کردیا گیا۔
خلاصہ یہ ہے کہ مختلف زمانوں میں مختلف انبیاء علیہم السلام اور ان کی مختلف کتابیں آنے سے کوئی اس دھوکہ میں نہ پڑجائے کہ انبیاء علیہم السلام اور کتابیں لوگوں کو مختلف فرقوں میں تقسیم کرنے اور افتراق پیدا کرنے کے لئے نازل کی گئی ہیں بلکہ منشاء ان سب انبیاء علیہم السلام اور کتابوں کا یہ ہے کہ جس طرح پہلے سارے انسان ایک ہی دین حق کے پیرو ہو کر ملت واحدہ تھے اسی طرح پھر اسی دین حق پر سب جمع ہوجائیں۔
مسئلہ
دوسری بات یہ معلوم ہوئی کہ مذہب کی بناء پر قومیت کی تقسیم مسلم وغیرمسلم کا دو قومی نظریہ عین منشاء قرآنی کے مطابق ہے آیت
فَمِنْكُمْ كَافِرٌ وَّمِنْكُمْ مُّؤ ْمِنٌ
(٢: ٦٤)
اس پر شاہد ہے اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح ہوگیا کہ اسلام میں اس دو قومی نظرئیے کی اصل بنیاد درحقیقت صحیح متحدہ قومیت پیدا کرنے پر ہے جو ابتداء آفرینش میں قائم تھی جس کی بنیاد وطنیت پر نہ تھی بلکہ عقیدہ حق اور دین حق کی پیروی پر تھی ارشاد قرآنی
کان النَّاسُ اُمَّةً وَّاحِدَةً
نے بتلایا کہ ابتداء عالم میں اعتقاد صحیح اور دین حق کی پیروی کے اعتبار سے ایک صحیح اور حقیقی وحدت قومی قائم تھی بعد میں لوگوں نے اختلافات پیدا کئے انبیاء نے لوگوں کو اسی اصلی وحدت کی طرف بلایا جنہوں نے ان کی دعوت کو قبول نہ کیا وہ اس متحدہ قومیت سے کٹ گئے اور جداگانہ قوم قرار دئیے گئے۔
مسئلہ
تیسری بات اس آیت سے یہ معلوم ہوئی کہ ازل سے سنت اللّه یہی جاری ہے کہ برے لوگ ہر نبی مبعوث کے خلاف اور ہر کتاب الہی سے اختلاف کو پسند کرتے رہے اور ان کے مقابلہ و مخالفت میں پورا زور خرچ کرنے کے لئے آمادہ رہے ہیں تو اب اہل ایمان کو ان کی بدسلوکی اور فساد سے تنگدل نہ ہونا چاہئے جس طرح کفار نے اپنے بڑوں کا طریقہ کفر وعناد اور انبیاء کی مخالفت کا اختیار کیا اسی طرح مؤمنین صالحین کو چاہئے کہ وہ اپنے بزرگوں کا یعنی انبیاء علیہم السلام کا وظیفہ اختیار کریں کہ ان لوگوں کی ایذاؤں اور مخالفتوں پر صبر کریں اور حکمت وموعظت اور نرمی کے ساتھ ان کو دین حق کی طرف بلاتے رہیں اور شاید اسی مناسبت سے اگلی آیت میں مسلمانوں کو مصائب وآفات پر تحمل اور صبر کی تلقین کی گئی ہے۔

No comments: