Surah Baqrah aayat 204 - 206
آیات 206 - 204
آیت نمبر 204
وَمِنَ النَّاسِ مَنۡ يُّعۡجِبُكَ قَوۡلُهٗ فِى الۡحَيٰوةِ الدُّنۡيَا وَيُشۡهِدُ اللّٰهَ عَلٰى مَا فِىۡ قَلۡبِهٖۙ وَهُوَ اَلَدُّ الۡخِصَامِ
لفظی ترجمہ
وَمِنَ : اور سے | النَّاسِ : لوگ | مَن : جو | يُّعْجِبُكَ : تمہیں بھلی معلو ہوتی ہے | قَوْلُهٗ : اس کی بات | فِي : میں | الْحَيٰوةِ : زندگی | الدُّنْيَا : دنیا | وَيُشْهِدُ : اور وہ گواہ بناتا ہے | اللّٰهَ : اللّه | عَلٰي : پر | مَا : جو | فِيْ قَلْبِهٖ : اس کے دل میں | وَھُوَ : حالانکہ وہ | اَلَدُّ : سخت | الْخِصَامِ : جھگڑالو
ترجمہ
انسانوں میں کوئی تو ایسا ہے جس کی باتیں دنیا کی زندگی میں تمہیں بہت بھلی معلوم ہوتی ہیں اور اپنی نیک نیتی پر وہ بار بار خد ا کو گواہ ٹھیرا تا ہے مگر حقیقت میں وہ بد ترین دشمن حق ہوتا ہے
تفسیر
ربط آیات
اوپر کی آیتوں میں دعا مانگنے والے آدمیوں کی دو قسمیں ٹھہرائی تھیں ایک کافر کہ منکر آخرت ہے اس لئے صرف دنیا مانگتا ہے دوسرا مومن کہ معتقد آخرت ہے دنیا کی بھلائی کے ساتھ آخرت کی بھلائی بھی مانگتا ہے اب اگلی آیت میں اسی طرح کی تقسیم نفاق و اخلاص کے اعتبار سے فرماتے ہیں کہ بعض منافق ہوتے ہیں اور بعض مخلصی
کوئی شخص تھا اخنس بن شریق بڑا فصیح وبلیغ وہ حضور صلی اللّه علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں آکر قسمیں کھا کھا کر دعویٰ اسلام کیا کرتا اور مجلس سے اٹھ کرجاتا تو فساد و شرارت و ایذا رسانی خلق میں لگ جاتا اس منافق کے باب میں فرماتے ہیں اور بعضا آدمی ایسا بھی ہے کہ آپ کو اس کی گفتگو جو محض دنیوی غرض سے ہوتی ہے کہ اظہار اسلام سے مسلمانوں کی طرح قرب وخصوصیت کے ساتھ رہوں گا اس کی فصاحت و بلاغت کی وجہ سے مزہ دار معلوم ہوتی ہے اور وہ اپنا اعتبار بڑھانے کو اللّه تعالیٰ کو گواہ بناتا ہے اپنے دل کی سچائی پر حالانکہ بالکل جھوٹا ہے کیونکہ واقع میں وہ آپکی مخالفت میں نہایت شدید ہے اور جس طرح آپ کا مخالف ہے اسی طرح اور مسلمانوں کو بھی ایذا پہنچاتا ہے چنانچہ جب آپ کی مجلس سے پیٹھ پھیرتا ہے تو اس دوڑ دھوپ میں پھرتا رہتا ہے کہ شہر میں کوئی فساد کردے اور کسی کی کھیت اور مواشی کو تلف کردے چنانچہ ایک مسلمان کا اس طرح نقصان کردیا اور اللّه تعالیٰ فساد کی باتوں کو پسند نہیں فرماتے اور اس مخالفت و ایذاء کے ساتھ مغرور اس درجہ ہے کہ جب اس سے کوئی کہتا ہے خدا سے ڈر تو اور زیادہ آمادہ کردیتا ہے اس کو غرور گناہ پر سو ایسے شخص کی کافی سزا جہنم اور وہ برا ٹھکانا ہے اور بعض آدمی ایسے بھی ہیں کہ اللّه تعالیٰ کی رضا جوئی کے بدلہ میں اپنی جان تک بیچ ڈالتے ہیں اور اللّه تعالیٰ ایسے بندوں کے حال پر نہایت مہربان ہیں۔
معارف و مسائل
آیت کا آخری حصہ جس میں مومن کا یہ حال بیان کیا ہے کہ وہ اللّه تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے لئے اپنی جان کی بھی بازی لگا دیتا ہے
یہ ان مخلص صحابہ کرام رضوان اللّه علیہم اجمعین کی شان میں نازل ہوئی ہے جنہوں نے بےمثال قربانیاں اللّه کی راہ میں پیش کی ہیں، مستدرک حاکم ابن جریر، مسند ابن ابی حاتم وغیرہ میں بسند صحیح منقول ہے کہ یہ آیت حضرت صہیب رومی کے اس واقعہ میں نازل ہوئی ہے کہ جب وہ مکہ سے ہجرت کرکے مدینہ کے لئے روانہ ہوئے تو راستہ میں کفار قریش کی ایک جماعت نے راستہ روک لیا یہ دیکھ کر حضرت صہیب رومی اپنی سواری سے اتر کر کھڑے ہوگئے اور ان کے ترکش میں جتنے تیر تھے سب نکال لئے اور قریش کی اس جماعت سے خطاب کیا کہ اے قبیلہ قریش تم سب جانتے ہو کہ میں تیر اندازی میں تم سب سے زیادہ ماہر ہوں میرا تیر کبھی خطا نہیں کرتا اور اب میں اللّه تعالیٰ کی قسم کھاتا ہوں کہ تم میرے پاس اس وقت تک نہیں پہنچ سکو گے جب تک میرے ترکش میں ایک تیر بھی باقی ہے اور تیروں کے بعد میں تلوار سے کام لوں گا جب تک مجھ میں دم رہے گا پھر جو تم چاہو کرلینا اور اگر تم نفع کا سودا چاہتے ہو تو میں تمہیں اپنے مال کا پتہ دیتا ہوں جو مکہ میں رکھا ہے تم وہ مال لے لو اور میرا راستہ چھوڑ دو اس پر قریش کی جماعت راضی ہوگئی اور حضرت صہیب رومی نے صحیح سالم
آنحضرت صلی اللّه علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں پہنچ کر واقعہ سنایا تو رسول اللّه صلی اللّه علیہ وآلہ وسلم نے دو مرتبہ فرمایا
ربح البیع ابا یحییٰ ربح البیع ابا یحییٰ
تمہارا بیوپار نفع بخش رہا تمہاری بیع نفع بخش رہی
اسی واقعہ میں آیت مذکورہ کے نزول نے اس کلام کی تصدیق کردی جو رسول اللّه صلی اللّه علیہ وآلہ وسلم کی زبان مبارک
اور بعض حضرات مفسرین نے کچھ دوسرے صحابہ کرام رضوان اللّه علیہم اجمعین اجمعین کے ایسے ہی واقعات کو آیت کا شان نزول بتلایا ہے
(مظہری)
آیت 205
وَاِذَا تَوَلّٰى سَعٰى فِى الۡاَرۡضِ لِيُفۡسِدَ فِيۡهَا وَيُهۡلِكَ الۡحَـرۡثَ وَالنَّسۡلَؕ وَاللّٰهُ لَا يُحِبُّ الۡفَسَادَ
لفظی ترجمہ
وَاِذَا : اور جب | تَوَلّٰى: وہ لوٹے | سَعٰى: دوڑتا پھرے | فِي : میں | الْاَرْضِ : زمین | لِيُفْسِدَ : تاکہ فساد کرے | فِيْهَا : اس میں | وَيُهْلِكَ : اور تباہ کرے | الْحَرْثَ : کھیتی | وَ : اور | النَّسْلَ : نسل | وَاللّٰهُ : اور اللّه | لَا يُحِبُّ : ناپسند کرتا ہے | الْفَسَادَ : فساد
ترجمہ
جب اُسے اقتدار حاصل ہو جاتا ہے تو زمین میں اُس کی ساری دوڑ دھوپ اس لیے ہوتی ہے کہ فساد پھیلائے کھیتوں کو غارت کرے اور نسل انسانی کو تباہ کرے حالاں کہ اللّه (جسے وہ گواہ بنا رہا تھا) فساد کو ہرگز پسند نہیں کرتا
آیت 206
وَاِذَا قِيۡلَ لَهُ اتَّقِ اللّٰهَ اَخَذَتۡهُ الۡعِزَّةُ بِالۡاِثۡمِ فَحَسۡبُهٗ جَهَنَّمُؕ وَلَبِئۡسَ الۡمِهَادُ
لفظی ترجمہ
وَاِذَا : اور جب | قِيْلَ : کہا جائے | لَهُ : اس کو | اتَّقِ : ڈر | اللّٰهَ : اللّه | اَخَذَتْهُ : اسے آمادہ کرے | الْعِزَّةُ : عزت (غرور) | بِالْاِثْمِ : گناہ پر | فَحَسْبُهٗ : تو کافی ہے اسکو | جَهَنَّمُ : جہنم | وَلَبِئْسَ : اور البتہ برا | الْمِهَادُ : ٹھکانا
ترجمہ
اور جب اس سے کہا جاتا ہے کہ اللّه سے ڈر تو اپنے وقار کا خیال اُس کو گناہ پر جما دیتا ہے ایسے شخص کے لیے تو بس جہنم ہی کافی ہے اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے

No comments: