Surah Baqrah Aayat 220 - 221

آیات 221 - 220 


آیت   220

فِى الدُّنۡيَا وَالۡاٰخِرَةِؕ وَيَسۡــئَلُوۡنَكَ عَنِ الۡيَتٰمٰىؕ قُلۡ اِصۡلَاحٌ لَّهُمۡ خَيۡرٌ ؕ وَاِنۡ تُخَالِطُوۡهُمۡ  فَاِخۡوَانُكُمۡ‌ؕ وَاللّٰهُ يَعۡلَمُ الۡمُفۡسِدَ مِنَ الۡمُصۡلِحِ‌ؕ وَلَوۡ شَآءَ اللّٰهُ لَاَعۡنَتَكُمۡؕ اِنَّ اللّٰهَ عَزِيۡزٌ حَكِيۡمٌ

لفظی ترجمہ

فِى الدُّنْيَا : دنیا میں | وَالْاٰخِرَةِ : اور آخرت | وَيَسْئَلُوْنَكَ : اور وہ آپ سے پوچھتے ہیں | عَنِ : سے (بارہ) میں | الْيَتٰمٰي : یتیم (جمع) | قُلْ : آپ کہ دیں | اِصْلَاحٌ: اصلاح | لَّھُمْ : ان کی | خَيْرٌ : بہتر | وَاِنْ : اور اگر | تُخَالِطُوْھُمْ : ملالو ان کو | فَاِخْوَانُكُمْ : تو بھائی تمہارے | وَاللّٰهُ : اور اللّه | يَعْلَمُ : جانتا ہے | الْمُفْسِدَ : خرابی کرنے والا | مِنَ : سے (کو) | الْمُصْلِحِ : اصلاح کرنے والا | وَلَوْ : اور اگر | شَآءَ : چاہتا | اللّٰهُ : اللّه | لَاَعْنَتَكُمْ : ضرور مشقت میں ڈالتا تم کو | اِنَّ : بیشک | اللّٰهَ : اللّه | عَزِيْزٌ: غالب | حَكِيْمٌ: حکمت والا 

ترجمہ

پوچھتے ہیں یتیموں کے ساتھ کیا معاملہ کیا جائے؟ کہو جس طرز عمل میں ان کے لیے بھلائی ہو وہی اختیار کرنا بہتر ہے اگر تم اپنا اور اُن کا خرچ اور رہنا سہنا مشترک رکھو تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں آخر وہ تمہارے بھائی بند ہی تو ہیں برائی کرنے والے اور بھلائی کرنے والے دونوں کا حال اللّه پر روشن ہے اللّه چاہتا تو اس معاملے میں تم پر سختی کرتا مگر وہ صاحب اختیار ہونے کے ساتھ صاحب حکمت بھی ہے

تفسیر

سترہواں حکم
 مخالطت یتیم 
چونکہ ابتداء میں مثل ہندوستان کے عرب میں بھی یتیموں کا حق دینے میں پوری احتیاط نہ تھی اس لئے یہ وعید سنائی گئی کہ یتیموں کا مال کھانا ایسا ہے جیسا دوزخ کے انگار پیٹ میں بھرنا تو سننے والے ڈر کے مارے اتنی احتیاط کرنے لگے کہ ان کا کھانا بھی الگ پکواتے اور الگ رکھواتے اور اتفاقا اگر بچہ کم کھاتا تو کھانا بچتا اور سڑتا تھا کیونکہ اس کا استعمال نہ ان لوگوں کے لئے جائز تھا اور نہ یتیم کے مال کو صدقہ کردینے کا اختیار تھا اس طرح تکلیف بھی ہوتی اور یتیم کا نقصان بھی اس لئے آنحضرت صلی اللّه علیہ وآلہ وسلم سے عرض کیا گیا اس کے متعلق آیت میں یہ ارشاد آیا اور لوگ آپ سے یتیم بچوں کے خرچ علیٰحدہ یا شامل رکھنے کا حکم پوچھتے ہیں آپ فرما دیجئے کہ اصل مقصود ہمارا ان کے اموال کھانے کی ممانعت سے یہ ہے کہ ان کی مصلحت کو ضائع نہ کیا جائے اور جب خرچ شامل رکھنے میں ان کی مصلحت ہے تو ان کی مصلحت کی رعایت رکھنا علیٰحدہ خرچ رکھنے سے جو خلاف مصلحت ہے زیادہ بہتر ہے اور تم ان کے ساتھ خرچ شامل رکھو تو کچھ ڈر کی بات نہیں کیونکہ وہ بچے تمہارے 
دینی بھائی ہیں اور بھائی بھائی شامل رہا ہی کرتے ہیں اور اللّه تعالیٰ مصلحت کے ضائع کرنے والے کو اور مصلحت کی رعایت رکھنے والے کو الگ الگ جانتے ہیں اس لئے کھانے پینے میں اشتراک ایسا نہ ہونا چاہئے جس میں یتیم کی مصلحت ضائع ہوجائے اور بلا علم وبلا قصد کچھ کمی بیشی ہو بھی جائے تو چونکہ اللّه تعالیٰ کو اس کی نیک نیتی معلوم ہے اس لئے اس پر مواخذہ ہوگا اور اگر اللّه تعالیٰ چاہتے تو اس معاملہ میں سخت قانون مقرر کرکے تم کو مصیبت میں ڈال دیتے کیونکہ اللّه تعالیٰ زبردست ہیں مگر قانون سہل اس لئے مقرر فرمایا کہ وہ حکمت والے بھی ہیں ایسا حکم نہیں دیتے جو نہ ہوسکے



آیت   221


وَلَا تَنۡكِحُوا الۡمُشۡرِكٰتِ حَتّٰى يُؤۡمِنَّ‌ؕ وَلَاَمَةٌ مُّؤۡمِنَةٌ خَيۡرٌ مِّنۡ مُّشۡرِكَةٍ وَّلَوۡ اَعۡجَبَتۡكُمۡ‌ۚ وَلَا تُنۡكِحُوا الۡمُشۡرِكِيۡنَ حَتّٰى يُؤۡمِنُوۡا ‌ؕ وَلَعَبۡدٌ مُّؤۡمِنٌ خَيۡرٌ مِّنۡ مُّشۡرِكٍ وَّلَوۡ اَعۡجَبَكُمۡؕ اُولٰٓئِكَ يَدۡعُوۡنَ اِلَى النَّارِ  ۖۚ وَاللّٰهُ يَدۡعُوۡٓا اِلَى الۡجَـنَّةِ وَالۡمَغۡفِرَةِ بِاِذۡنِهٖ‌ۚ وَيُبَيِّنُ اٰيٰتِهٖ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمۡ يَتَذَكَّرُوۡنَ  

لفظی ترجمہ

 وَلَا : اور نہ   |   تَنْكِحُوا : تم نکاح کرو   |   الْمُشْرِكٰتِ : مشرک عورتوں سے   |   حَتّٰى: یہاں تک کہ   |   يُؤْمِنَّ ۭ: وہ ایمان لے آئیں   |  وَلَاَمَةٌ: اور البتہ لونڈی   |   مُّؤْمِنَةٌ: مومنہ۔ ایمان والی   |   خَيْرٌ: بہتر ہے   |   مِّنْ مُّشْرِكَةٍ : مشرکہ عورت سے   |   وَّلَوْ : اور اگرچہ   |   اَعْجَبَتْكُمْ ۚ: وہ اچھی لگے تم کو   |   وَلَا : اور نہ   |   تُنْكِحُوا : تم نکاح کر کے دو   |   الْمُشْرِكِيْنَ : مشرک مردوں کو   |   حَتّٰى: یہاں تک کہ   |   يُؤْمِنُوْا ۭ: وہ ایمان لے آئیں   |   وَلَعَبْدٌ: اور البتہ غلام   |   مُّؤْمِنٌ: مومن   |   خَيْرٌ: بہتر ہے   |   مِّنْ : سے   |  مُّشْرِكٍ : مشرک مرد   |   وَّلَوْ : اور اگرچہ   |   اَعْجَبَكُمْ ۭ: وہ پسند آئے تم کو   |   اُولٰٓئِكَ : یہ لوگ   |  يَدْعُوْنَ : بلاتے ہیں   |   اِلَى النَّارِ ښ: آگ کی طرف   |   وَاللّٰهُ : اور اللّه   |   يَدْعُوْٓا : بلاتا ہے   |   اِلَى الْجَنَّةِ : جنت کی طرف   |   وَالْمَغْفِرَةِ : اور بخشش کی طرف   |   بِاِذْنِهٖ ۚ: ساتھ اپنے اذن کے   |   وَيُبَيِّنُ : اور بیان کرتا ہے   |   اٰيٰتِهٖ : آیات اپنی   |   لِلنَّاسِ : لوگوں کے لیے   |   لَعَلَّهُمْ : تاکہ وہ   |   يَتَذَكَّرُوْنَ : وہ نصیحت پکڑیں 


ترجمہ

تم مشرک عورتوں سے ہرگز نکاح نہ کرنا جب تک کہ وہ ایمان نہ لے آئیں ایک مومن لونڈی مشرک شریف زادی سے بہتر ہے اگرچہ وہ تمہیں بہت پسند ہو اور اپنی عورتوں کے نکاح مشرک مردوں سے کبھی نہ کرنا جب تک کہ وہ ایمان نہ لے آئیں ایک مومن غلام مشرک شریف سے بہتر ہے اگرچہ وہ تمہیں بہت پسند ہو یہ لوگ تمہیں آگ کی طرف بلاتے ہیں اور اللّه اپنے اذن سے تم کو جنت اور مغفرت کی طرف بلاتا ہے اور وہ اپنے احکام واضح طور پر لوگوں کے سامنے بیان کرتا ہے توقع ہے کہ وہ سبق لیں گے اور نصیحت قبول کریں گے  


تفسیر

اٹھارہواں حکم 
مناکحت کفار
اور نکاح مت کرو کافر عورتوں کے ساتھ جب تک وہ مسلمان نہ ہوجائیں اور مسلمان عورت چاہے لونڈی کیوں نہ ہو وہ ہزار درجہ بہتر ہے کافر عورت سے چاہے وہ آزاد بی بی ہی کیوں نہ گو وہ کافر عورت بوجہ مال یا جمال کے تم کو اچھی معلوم ہو مگر پھر بھی واقع میں مسلمان عورت ہی اس سے اچھی ہے اور اسی طرح اپنے اختیار کی عورتوں کو کافر مردوں کے نکاح میں مت دو جب تک یہ مسلمان نہ ہوجائیں اور مسلمان مرد چاہے غلام ہی کیوں نہ ہو وہ ہزار درجہ بہتر ہے کافر مرد سے چاہے وہ آزاد ہی کیوں نہ ہو گو وہ کافر مرد بوجہ مال یا جاہ کے تم کو اچھا ہی معلوم ہو مگر پھر بھی واقع میں مسلمان ہی اس سے اچھا ہے اور وجہ ان کافروں کے برا ہونے کی اور وہی اصل سبب ان سے ممانعت نکاح کا ہے یہ ہے کہ یہ کافر لوگ دوزخ میں جانے کی تحریک دیتے ہیں کیونکہ کفر کی تحریک کرتے ہیں اور اس کا انجام جہنم ہے
 اور اللّه تعالیٰ جنت اور مغفرت کے حاصل کرنے کی تحریک کرتے ہیں اپنے حکم سے  اور اس حکم کا ظہور اس طرح ہوا کہ کفار کے متعلق یہ حکم صادر فرما دیا کہ ان سے نکاح نہ کیا جائے تاکہ ان کی تحریک کے اثر سے پوری حفاظت رہ سکے اور اس سے محفوظ رہ کر جنت اور مغفرت حاصل ہوجاۓ اللّه تعالیٰ اس واسطے اپنے احکام بتلا دیتے ہیں تاکہ وہ لوگ نصیحت پر عمل کریں اور مستحق جنت و مغفرت ہوجائیں


فوائد از بیان القرآن
مسئلہ
جو قوم اپنی وضع اور طرز سے اہل کتاب سمجھے جاتے ہوں لیکن عقائد کی تحقیق کرنے سے کتابی ثابت نہ ہوں اور قوم کی عورتوں سے نکاح درست نہیں جیسے آجکل عموماً انگریزوں کو عام لوگ عیسائی سمجھتے ہیں حالانکہ تحقیق سے ان کے بعض عقائد بالکل ملحدانہ ثابت ہوئے کہ نہ خدا کے قائل نہ عیسیٰ علیہ السلام کی نبوت کے معتقد نہ انجیل کی نسبت آسمانی کتاب ہونے کا اعتقاد سو ایسے لوگ عیسائی نہیں ایسی جماعت میں جو عورت ہو اس سے نکاح درست نہیں لوگ بڑی غلطی کرتے ہیں کہ بلا تحقیق یورپ کی عورتیں بیاہ لاتے ہیں

مسئلہ
اس طرح جو مرد ظاہری حالت سے مسلمان سمجھا جائے لیکن عقائد اس کے کفر تک پہنچے ہوں اس سے مسلمان عورت کا نکاح درست نہیں اور اگر نکاح ہوجانے کے بعد ایسے عقائد خراب ہوجاویں تو نکاح ٹوٹ جاتا ہے جیسے آج کل بہت سے آدمی اپنے مذہب سے ناواقف سائنس کے اثر سے اپنے عقائد تباہ کرلیتے ہیں لڑکی والوں پر واجب ہے کہ پیام آنے کے وقت اول عقائد کی تحقیق کرلیا کریں تب زبان دیں

معارف و مسائل

مسلم و کافر کا باہمی ازدواج ممنوع ہے
آیات مذکورہ میں ایک اہم مسئلہ یہ بیان فرمایا گیا کہ مسلمان مردوں کا نکاح کافر عورتوں سے اور کافر مردوں کا نکاح مسلمان عورتوں سے جائز نہیں وجہ یہ ہے کہ کافر مرد اور عورتیں انسان کو جہنم کی طرف لے جانے کے سبب بنتے ہیں کیونکہ ازدواجی تعلقات آپس کی محبت ومودت اور یگانگت کو چاہتے ہیں اور بغیر اس کے ان تعلقات کا اصلی مقصد پورا نہیں ہوتا اور مشرکین کے ساتھ اس قسم کے تعلقات قریبہ محبت ومودت کا لازمی اثر یہ ہے کہ ان کے دل میں بھی کفر و شرک کی طرف میلان پیدا ہو یا کم ازکم شرک سے نفرت ان کے دلوں سے نکل جائے اور اس کا انجام یہ ہے کہ یہ بھی کفر و شرک میں مبتلا ہوجائیں اور اس کا نتیجہ جہنم ہے اس لئے فرمایا گیا کہ یہ لوگ جہنم کی طرف دعوت دیتے ہیں اور اللّه تعالیٰ انسان کو جنت اور مغفرت کی طرف دعوت دیتا ہے اور صاف صاف اپنے احکام بیان فرما دیتا ہے تاکہ لوگ نصیحت پر عمل کریں اس جگہ چند باتیں قابل غور ہیں
اولیہ کہ اس آیت میں لفظ مشرک سے اگر مطلقا غیر مسلم مراد ہوں تو قرآن کریم کی ایک دوسری آیت کی بنا پر اہل کتاب کی غیر مسلم عورتیں اس حکم سے مستثنیٰ ہیں جس میں ارشاد فرمایا گیا ہے
وَالْمُحْصَنٰتُ مِنَ الَّذِيْنَ اُوْتُوا الْكِتٰبَ مِنْ قَبْلِكُمْ
 اور اگر مشرک سے خاص وہ غیر مسلم مراد ہیں جو اہل کتاب نہیں تو یہ آیت اپنی جگہ عام ہے تمام ان غیر مسلموں کو جو کسی پیغمبر اور آسمانی کتاب پر ایمان نہیں رکھتے

دوسری باتقابل غور یہ ہے کہ مسلم و کافر کے درمیان ازدواجی تعلقات کو حرام قرار دینے کی جو وجہ قرآن کریم میں بیان فرمائی گئی ہے کہ ان کے ساتھ ایسے تعلقات قریبہ کفر و شرک میں مبتلا ہوجانے کا سبب بن سکتے ہیں یہ بات تو بظاہر تمام غیرمسلم فرقوں میں مساوی ہے پھر اہل کتاب کی عورتوں کی متثنی کرنے کی کیا وجہ ہے ؟
جواب ظاہر ہے کہ اہل کتاب کا اختلاف اسلام کے ساتھ بہ نسبت دوسرے غیر مسلموں کے کم اور ہلکا ہے کیونکہ عقائد اسلام کے تین عمود ہیں، توحید، آخرت، رسالت، ان میں سے عقیدہ آخرت میں تو اہل کتاب یہود و نصاریٰ بھی اپنے اصل مذہب کے اعتبار سے مسلمانوں کے ساتھ متفق ہیں اسی طرح خدا کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا خود ان کے اصل مذہب میں بھی کفر ہے یہ دوسری بات ہے کہ وہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی عظمت و محبت کے غلو میں شرک تک جاپہنچے
اب بنیادی اختلاف صرف یہ رہ جاتا ہے کہ وہ آنحضرت صلی اللّه علیہ وآلہ وسلم کو رسول نہیں مانتے اور اسلام میں یہ عقیدہ بھی بنیادی عقیدہ ہے اس کے بغیر کوئی انسان مومن نہیں ہوسکتا بہرحال دوسرے غیرمسلم فرقوں کی نسبت سے اہل کتاب کا اختلاف ہلکا اور کم ہے اس لئے اس میں مفسدہ کا خطرہ زیادہ نہیں
تیسری باتقابل غور یہ ہے کہ جب اہل کتاب کا اختلاف ہلکا قرار دے کر ان کی عورتوں سے نکاح مسلمان کا جائز ہوا تو اس کے برعکس مسلمان عورتوں کا نکاح بھی غیر مسلم اہل کتاب سے جائز ہوجانا چاہئے مگر ذرا غور کرنے سے فرق واضح ہوجاتا ہے کہ عورت کچھ فطرۃ ضعیف ہے اور پھر شوہر اس پر حاکم اور نگران بنایا گیا ہے اس کے عقائد ونظریات سے عورت کا متأثر ہوجانا مستبعد نہیں اس لئے اگر مسلمان عورت غیر مسلم کتابی کے نکاح میں رہے تو اس کے عقائد خراب ہوجانے کا قوی اندیشہ ہے بخلاف اس کے کہ غیرمسلم کتابی عورت مسلمان کے نکاح میں رہے تو اس کے خیالات کا اثر شوہر پر پڑنا اصولاً مستبعد ہے کوئی بےاصول اور افراط کا شکار ہوجائے یہ اس کا اپنا قصور ہے
چوتھی باتقابل غور یہ ہے کہ ازدواجی تعلقات میں جو کچھ اثر ہوتا ہے وہ طرفین پر یکساں ہوتا ہے اس لئے جیسے یہ اندیشہ ہے کہ مسلمان کے عقائد غیرمسلم سے متاثر ہوجائیں اسی طرح یہ بھی تو احتمال ہے کہ معاملہ برعکس ہو غیرمسلم کے عقائد مسلمان سے متأثر ہوں اور وہ ہی اسلام قبول کرلے تو اس کا متقضا یہ ہے کہ مسلم وغیرمسلم کے ازدواجی تعلقات کو ممنوع نہ کیا جائے

لیکن یہاں حکمت کی بات یہ ہے کہ جب کسی چیز میں ایک نفع کی امید بھی ہو اور کسی ضرر کا خطرہ بھی ہو تو عقل سلیم کا تقاضا یہ ہے کہ ضرر سے بچنے کا اہتمام نفع کی فکر سے زیادہ ضروری ہے فارسی کا ایک حکیمانہ مقولہ مشہور ہے کہ 
 عقلمند تریاق بیقین وزہر بگماں نخورد 
 اس لئے اس نفع کی امید کو نظر انداز کیا گیا کہ شاید وہ غیرمسلم متاثر ہو کر اسلام قبول کرلے اہتمام اس کا کیا گیا کہ مسلمان متاثر ہو کر کفر میں مبتلا نہ ہوجائے
پانچویں باتقابل غور یہ ہے کہ اہل کتاب یہود و نصاریٰ کی عورتوں سے مسلمان مردوں کو نکاح کی اجازت کے بھی معنی یہ ہیں کہ اگر نکاح کرلیا جائے تو نکاح صحیح ہوجائے گا اولاد ثابت النسب ہوگی لیکن روایات حدیث اس پر شاہد ہیں کہ یہ نکاح بھی پسندیدہ نہیں رسول اللّه صلی اللّه علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مسلمان کو اپنے نکاح کے لئے دیندار صالح عورت تلاش کرنا چاہئے تاکہ خود اس کے لئے بھی دین میں معین ثابت ہو اور اس کی اولاد کو بھی دیندار ہونے کا موقع میسر آئے اور جب غیر متدین مسلمان عورت سے نکاح پسند نہیں کیا گیا تو کسی غیرمسلم سے کیسے پسند کیا جاتا یہی وجہ ہے کہ حضرت فاروق اعظم کو جب خبر پہنچی کہ عراق وشام کے مسلمانوں میں کچھ ایسے ازدواج کی کثرت ہونے لگی تو بذریعہ فرمان ان کو اس سے روک دیا گیا اور اس پر توجہ دلائی گئی کہ یہ ازدواجی تعلق دیانۃً بھی مسلم گھرانوں کے لئے خرابی کا سبب ہے اور سیاسۃ بھی
 (کتاب الآثار للامام محمد)

 اور آج کے غیرمسلم اہل کتاب یہود و نصاریٰ اور ان کے سیاسی مکر و فریب اور سیاسی شادیاں اور مسلم گھرانوں میں داخل ہو کر ان کو اپنی طرف مائل کرنا اور ان کے راز حاصل کرنا وغیرہ جس کا اقرار خود بعض مسیحی مصنفین کی کتابوں میں میجر جنرل اکبر کی کتاب حدیث دفاع میں اس کی کچھ تفصیلات حوالوں کے ساتھ مذکور ہیں
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ فاروق اعظم کی دوربیں نظریں ان واقعات کو دیکھ رہی تھیں خصوصاً اس زمانہ کے یورپ کے اکثر وہ لوگ جو عیسائی یا یہودی کہلائے جاتے ہیں اور مردم شماری کے رجسٹروں میں ان کی قومیت عیسائی یا یہودی لکھی جاتی ہے اگر ان کے حالات کی تحقیق کی جائے تو ان میں بکثرت ایسے لوگ ملیں گے جن کو عیسائیت اور یہودیت سے کوئی تعلق نہیں وہ بالکل ملحد بےدین ہیں نہ عیسیٰ علیہ السلام کو مانتے ہیں یہ نہ انجیل کو نہ موسیٰ علیہ السلام پر ایمان ہے نہ تورات پر نہ خدا تعالیٰ پر نہ آخرت پر ظاہر ہے کہ حلت نکاح کا قرآنی حکم ایسے لوگوں کو شامل نہیں ان کی عورتوں سے نکاح قطعاً حرام ہے ایسے لوگ ظاہر ہے کہ آیت قرآن والْمُحْصَنٰتُ مِنَ الَّذِيْنَ اُوْتُوا الْكِتٰبَ مِنْ کے استثناء میں داخل نہیں ہوتے غیر مسلموں کی طرح ان کی عورتوں کے ساتھ نکاح بھی قطعاً حرام ہے۔




No comments:

Powered by Blogger.