Surah Baqrah Aayat 222-225 Rukoo 28
آیات 225 - 222
رکوع 28
آیت 222
وَ يَسۡــئَلُوۡنَكَ عَنِ الۡمَحِيۡضِۙ قُلۡ هُوَ اَذًى فَاعۡتَزِلُوۡا النِّسَآءَ فِى الۡمَحِيۡضِۙ وَلَا تَقۡرَبُوۡهُنَّ حَتّٰى يَطۡهُرۡنَۚ فَاِذَا تَطَهَّرۡنَ فَاۡتُوۡهُنَّ مِنۡ حَيۡثُ اَمَرَكُمُ اللّٰهُؕ اِنَّ اللّٰهَ يُحِبُّ التَّوَّابِيۡنَ وَيُحِبُّ الۡمُتَطَهِّرِيۡنَ
لفظی ترجمہ
وَيَسْئَلُوْنَكَ : اور وہ پوچھتے ہیں آپ سے | عَنِ : سے (بارہ) | الْمَحِيْضِ : حالتِ حیض | قُلْ : آپ کہ دیں | ھُوَ : وہ | اَذًى: گندگی | فَاعْتَزِلُوا : پس تم الگ رہو | النِّسَآءَ : عورتیں | فِي : میں | الْمَحِيْضِ : حالت حیض | وَلَا تَقْرَبُوْھُنَّ : اور نہ قریب جؤ ان کے | حَتّٰى: یہانتک کہ | يَطْهُرْنَ : وہ پاک ہوجائیں | فَاِذَا : پس جب | تَطَهَّرْنَ : وہ پاک ہوجائیں | فَاْتُوْھُنَّ : تو آؤ ان کے پاس | مِنْ حَيْثُ : جہاں سے | اَمَرَكُمُ : حکم دیا تمہیں | اللّٰهُ : اللّه | اِنَّ : بیشک | اللّٰهَ : اللّه | يُحِبُّ : دوست رکھتا ہے | التَّوَّابِيْنَ : توبہ کرنے والے | وَيُحِبُّ : اور دوست رکھتا ہے | الْمُتَطَهِّرِيْنَ : پاک رہنے والے
ترجمہ
پوچھتے ہیں حیض کا کیا حکم ہے؟ کہو وہ ایک گندگی کی حالت ہے اس میں عورتوں سے الگ رہو اور ان کے قریب نہ جاؤ جب تک کہ وہ پاک صاف نہ ہو جائیں پھر جب وہ پاک ہو جائیں تو اُن کے پاس جاؤ اُس طرح جیسا کہ اللّه نے تم کو حکم دیا ہے اللّه اُن لوگوں کو پسند کرتا ہے، جو بدی سے باز رہیں اور پاکیزگی اختیار کریں
تفسیر
حکم نمبر ١٩ حیض میں جماع کی حرمت اور پاکی کی شرائط
وَيَسْــَٔـلُوْنَكَ عَنِ الْمَحِيْضِ
(الی قولہ)
وَبَشِّرِ الْمُؤ ْمِنِيْنَ اور لوگ آپ سے حیض کی حالت میں صحبت وغیرہ کرنے کا حکم پوچھتے ہیں آپ فرمادیجئے کہ وہ حیض گندگی کی چیز ہے تو حالت حیض میں عورتوں کے ساتھ صحبت کرنے سے علیحدہ رہا کرو اور حالت میں ان سے قربت مت کرو جب تک وہ حیض سے پاک نہ ہوجائیں پھر جب وہ عورتیں اچھی طرح پاک ہوجائیں کہ ناپاکی کا شک وشبہ نہ رہے تو ان کے پاس آؤ جاؤ یعنی ان سے صحبت کرو جس جگہ سے تم کو خدا تعالیٰ نے اجازت دی ہے یعنی آگے سے یقینا اللّه تعالیٰ محبت رکھتے ہیں توبہ کرنے والوں سے مثلاً اتفاقا یا بےاحتیاطی سے حالت حیض میں صحبت کر بیٹھا پھر متنبہ ہو کر توبہ کرلی اور محبت رکھتے ہیں پاک صاف رہنے والوں سے جو حالت حیض میں صحبت کرنے سے اور دوسرے منہیات سے بچتے ہیں اور حالت پاکی میں اجازت صحبت کی دینا پھر اس قید سے اجازت دینا کہ آگے کے موقع میں صحبت ہو اس لئے ہے کہ تمہاری بیبیاں تمہارے لیے بمنزلہ کھیت کے ہیں جس میں نطفہ بجائے تخم کے اور بچہ بجائے پیداوار کے ہے سو اپنے کھیت میں جس طرف سے چاہو آؤ اور جس طرح کھیتوں میں اجازت ہے اسی طرح بیبیوں کے پاس پاکی کی حالت میں ہر طرف سے آنے کی اجازت ہے خواہ کروٹ سے ہو یا پیچھے سے یا آگے بیٹھ کر ہو یا اوپر یا نیچے لیٹ کر ہو یا جس ہیئت سے ہو مگر آنا ہو ہر حال میں کھیت کے اندر کہ وہ خاص آگے کا موقع ہے کیونکہ پیچھے کا موقع کھیت کے مشابہ نہیں اس میں صحبت نہ ہو اور ان لذات میں ایسے مشغول مت ہوجاؤ کہ آخرت ہی کو بھول جاؤ بلکہ آئندہ کے واسطے اپنے لئے کچھ اعمال صالحہ کرتے رہو اور اللّه تعالیٰ سے ہر حال میں ڈرتے رہو اور یہ یقین رکھو کہ بیشک تم اللّه تعالیٰ کے سامنے پیش ہونے والے ہو
اور اے محمد صلی اللّه علیہ وآلہ وسلم ایسے ایمان داروں کو جو نیک کام کریں خدا سے ڈریں خدا تعالیٰ کے سامنے جانے کا یقین رکھیں خوشی کی خبر سنا دیجئے کہ ان کو آخرت میں ہر طرح کی نعمتیں ملیں گی
آیت 223
نِسَآؤُكُمۡ حَرۡثٌ لَّـكُمۡ ۖ فَاۡتُوۡا حَرۡثَكُمۡ اَنّٰى شِئۡتُمۡ وَقَدِّمُوۡا لِاَنۡفُسِكُمۡؕ وَاتَّقُوا اللّٰهَ وَاعۡلَمُوۡٓا اَنَّکُمۡ مُّلٰقُوۡهُ ؕ وَ بَشِّرِ الۡمُؤۡمِنِيۡنَ
لفظی ترجمہ
نِسَآؤُكُمْ : عورتیں تمہاری | حَرْثٌ: کھیتی | لَّكُمْ : تمہاری | فَاْتُوْا : سو تم آؤ | حَرْثَكُمْ : اپنی کھیتی | اَنّٰى: جہاں سے | شِئْتُمْ : تم چاہو | وَقَدِّمُوْا : اور آگے بھیجو | لِاَنْفُسِكُمْ : اپنے لیے | وَاتَّقُوا : اور دوڑو | اللّٰهَ : اللّه | وَاعْلَمُوْٓا : اور تم جان لو | اَنَّكُمْ : کہ تم | مُّلٰقُوْهُ : ملنے والے اس سے | وَبَشِّرِ : اور خوشخبری دیں | الْمُؤْمِنِيْنَ : ایمان والے
ترجمہ
تمہاری عورتیں تمہاری کھیتیاں ہیں تمہیں اختیار ہے جس طرح چاہو اپنی کھیتی میں جاؤ مگر اپنے مستقبل کی فکر کرو اور اللّه کی ناراضی سے بچو خوب جان لو کہ تمہیں ایک دن اُس سے ملنا ہے اور اے نبیؐ جو تمہاری ہدایات کو مان لیں انہیں فلاح و سعادت کا مثردہ سنا دو
آیت 224
وَلَا تَجۡعَلُوا اللّٰهَ عُرۡضَةً لِّاَيۡمَانِکُمۡ اَنۡ تَبَرُّوۡا وَتَتَّقُوۡا وَتُصۡلِحُوۡا بَيۡنَ النَّاسِؕ وَاللّٰهُ سَمِيۡعٌ عَلِيۡمٌ
لفظی ترجمہ
وَلَا تَجْعَلُوا : اور نہ بناؤ | اللّٰهَ : اللّه | عُرْضَةً : نشانہ | لِّاَيْمَانِكُمْ : اپنی قسموں کے لیے | اَنْ : کہ | تَبَرُّوْا : تم حسن سلوک کرو | وَ : اور | تَتَّقُوْا : پرہیزگاری کرو | وَتُصْلِحُوْا : اور صلح کراؤ | بَيْنَ : درمیان | النَّاسِ : لوگ | وَاللّٰهُ : اور اللّه | سَمِيْعٌ: سنے والا | عَلِيْمٌ: جاننے والا
ترجمہ
اللّه کے نام کو ایسی قسمیں کھانے کے لیے استعمال نہ کرو جن سے مقصود نیکی اور تقویٰ اور بند گان خدا کی بھلائی کے کاموں سے باز رہنا ہو اللّه تمہاری ساری باتیں سن رہا ہے اور سب کچھ جانتا ہے
تفسیر
حکم نمر ٢٠
نیک کام نہ کرنے کی قسم کی ممانعت
اور اللّه کے نام کو اپنی قسموں کے ذریعے ان امور کا حجاب مت بناؤ کہ تم نیکی کے اور تقویٰ کے اور اصلاح فیما بین خلق کے کام کرو یعنی اللّه کے نام کی یہ قسم نہ کھاؤ کہ ہم یہ نیک کام نہ کریں گے اور اللّه تعالیٰ سب کچھ سنتے جانتے ہیں تو زبان سنبھال کر بات کرو اور دل میں برے خیالات مت لاؤ
آیت 225
لَا يُؤَاخِذُكُمُ اللّٰهُ بِاللَّغۡوِ فِىۡٓ اَيۡمَانِكُمۡ وَلٰـكِنۡ يُّؤَاخِذُكُمۡ بِمَا كَسَبَتۡ قُلُوۡبُكُمۡؕ وَاللّٰهُ غَفُوۡرٌ حَلِيۡمٌ
لفظی ترجمہ
لَا يُؤَاخِذُكُمُ : نہیں پکڑتا تمہیں | اللّٰهُ : اللّه | بِاللَّغْوِ : لغو (بیہودہ) | فِيْٓ: میں | اَيْمَانِكُمْ : قسمیں تمہاری | وَلٰكِنْ : اور لیکن | يُّؤَاخِذُكُمْ : پکڑتا ہے تمہیں | بِمَا : پر۔ جو | كَسَبَتْ : کمایا | قُلُوْبُكُمْ : دل تمہارے | وَاللّٰهُ : اور اللّه | غَفُوْرٌ: بخشنے والا | حَلِيْمٌ: بردبار
ترجمہ
جو بے معنی قسمیں تم بلا ارادہ کھا لیا کرتے ہو اُن پر اللّه گرفت نہیں کرتا مگر جو قسمیں تم سچے دل سے کھاتے ہو اُن کی باز پرس وہ ضرور کرے گا اللّه بہت در گزر کرنے والا اور بردبار ہے
تفسیر
حکم نمبر ٢١
جھوٹی قسمیں کھانے کا حکم
اللّه تعالیٰ تم پر آخرت میں دارو گیر نہ فرمائیں گے تمہاری قسموں میں ایسی بیہودہ قسم پر جس میں بلا قصد جھوٹ بولا گیا لیکن دارو گیر فرمائیں گے اس جھوٹی قسم پر جس میں تمہارے دلوں نے جھوٹ بولنے کا ارادہ کیا ہے اور اللّه تعالیٰ غفور ہیں کہ ایسی بیہودہ قسم پر دارو گیر نہ فرمائیں حلیم ہیں کہ قصدا جھوٹی قسم کھانے کی سزا میں آخرت تک کی مہلت دی

No comments: