Faraiz k hisaab ka bayan
فرائض کے حساب کا بیان
سوال : ترکہ ورثہ پر کیسے تقسیم کیا جائے اور مسئلہ کی اصل کیسے معلوم کی جائے؟
جواب : آنے والی تفصیل کو زبانی یاد کیجیئے
(1)
جب مسئلہ میں نصف اور نصف ہو جیسا کہ جب عورت شوہر اور سگی بہن کو چھوڑے یا مسئلہ میں نصف اور باقی ماندہ ہو جیسا کہ جب عورت شوہر اور چچے کو چھوڑے تو مسئلہ کی اصل دو ہوگی
(2)
اگر مسئلہ میں ثلث اور باقی ماندہ ہو جیسا کہ جب میت ماں اور چچے کو چھوڑے یا (مسئلہ) میں دو ثلث اور باقی ماندہ ہو جیسا کہ جب (میت) دو بیٹیاں اور چچے کو چھوڑے تو مسئلہ کی اصل تین سے ہوگی۔
(3)
اگر مسئلہ میں ربع اور باقی ماندہ ہو جیسا کہ جب میت بیوی اور بھائی کو چھوڑے یا (مسئلہ ) میں ربع اور نصف ہو جیسا کہ جب (بیوی) خاوند، بیٹی اور بھائی کو چھوڑے تو مسئلہ کی اصل چار سے ہوگی۔
(4)
اگر مسئلہ میں ثمن اور باقی ماندہ ہو جیسا کہ جب (میت) بیوی اور بیٹے کو چھوڑے یا ثمن اور نصف ہو جیسا کی جب (میت) بیوی اور بیٹی کو چھوڑے تو مسئلہ کی اصل آٹھ سے ہوگی۔
(5)
اگر مسئلہ میں نصف اور ثلث ہو جیسا کہ جب (عورت) خاوند ، ماں اور بھائی کو چھوڑے یا مسئلہ میں نصف اور سُدس ہو جیسا کہ جب وہ ماں بیٹی اور بھائی کو چھوڑے تو مسئلہ کی اصل چھ سے ہوگی۔
(6)
اگر مسئلہ میں رُبع کے ساتھ ثُلث ہو جیسا کہ جب (میت) بیوی اور ماں کو چھوڑے یا مسئلہ میں رُبع کے ساتھ سُدس ہو جیسا کہ جب عورت شوہر ماں اور بیٹے کو چھوڑے تو مسئلہ کی اصل بارہ سے ہوگی۔
(7)
اگر مسئلہ میں ثُمن کے ساتھ دو سُدس ہوں جیسا کہ جب (میت) بیوی ، ماں باپ ، بیٹے کو چھوڑے یا ثُمن کے ساتھ دو ثُلث ہوں جیسا کہ جب میت بیوی اور دو بیٹیوں کو چھوڑے تو مسئلہ کی اصل چوبیس سے ہو گی

No comments: