Mayat ko kafan dene ka tariqa
(میت کو)
کفن دینے کا طریقہ
سوال : کفنوں کی تعداد اور مرد و عورت کو کفن دینے کا طریقہ بیان کیجئے؟
جواب : اس میں تفصیل ہے اور وہ درج ذیل ہے
1
مرد کا کفن از روئے سنت چادر ، کفنی اور لفافہ (یعنی پوٹ کی چادر) ہے اور اس کا کفن از روئے کفایت چادر اور لفافہ ہے اور از روئے ضرورت وہ ہے جو میسر ہو اور عذر نہ ہونے کے وقت ایک کپڑے پر اکتفا کرنا مکروہ ہے
2
چادر سر کی چوٹی سے پاؤں تک ہو اور لفافہ بھی اسی طرح ہو اور کفنی جیب , کلی اور آستینوں کے بغیر گردن کی جڑ سے پاؤں تک ہو
3
مرد کو کفن دینے کا طریقہ یہ ہے کہ کفنوں کو طاق مرتبہ دھونی دی جائے پھر لفافہ بچھایا جائے اور اس پر چادر کو بچھایا جائے پھر میت کو چادر پر رکھا جائے اس (کے بدن ) کو خشک کرنے کے بعد ، تاکہ کفن تر نہ ہوں اور حنوط ( عمدہ چیزوں سے مرکب عطر ) اس کے سر اور اسکی داڑھی پر اور کافور اس کے سجدہ کے اعضاء یعنی اس کی پیشانی ، اس کی ناک ، اس کی ہتھیلیوں ، اس کے گھٹنوں اور اس کے قدموں پر لگائی جائے اور پہلے کفنی پہنائی جائے پھر میت پر چادر کو بائیں جانب سے پھر دائیں جانب سے دوہرا کیا جائے پھر لفافہ کو اسی طرح تاکہ دایاں پلو بائیں (پلو) پر ہوجائے ۔
4
اور اگر کفن کھلنے کا اندیشہ ہو تو اس کی دونوں جانبوں کو کسی چیز کے ساتھ گرہ لگائی جائے۔
5
عورت کا کفن از روئے سنت درع ، چادر ، اوڑھنی ، لفافہ اور سینہ بند ہے جس کے ساتھ اس کے پستانوں کو باندھا جائے اور درع سے مراد کفنی ہے اور از روئے کفایت چادر ، لفافہ اور اوڑھنی ہے اور از روئے ضرورت جو میسر ہو اور عذر نہ ہونے کے وقت دو کپڑوں پر اکتفا کرنا مکروہ ہے۔
6
سینہ بند کی چوڑائی پستانوں سے ران تک ہو۔
7
اوڑھنی تین ہاتھ کی مقدار ہو۔
8
عورت کو کفن دینے کا طریقہ یہ ہے کہ کفنوں کو طاق مرتبہ دھونی دی جائے اور لفافہ پھر اس پر چادر کو بچھایا جائے پھر میت عورت کو چادر پر رکھا جائے اور اسے کفنی پہنائی جائے کفنی کے اوپر اس کے سینہ پر اس کے (سر کے) بالوں کی دو لٹیں بنائی جائیں پھر اس کے اوپر اوڑھنی ڈال دی جائے پھر کفنی کے اوپر سینہ بند کو باندھا جائے پھر چادر پھر لفافہ کو دوہرا کیا جائے اور کفنوں کی دونوں جانبوں کو گرہ لگائی جائے اگر کھلنے کا اندیشہ ہو۔
سوال : کیا میت کے بالوں کو کنگھا کیا جائے؟
جواب : اس کے بالوں اور اس کی داڑھی کو کنگھا نہ کیا جائے اور اس کے ناخن نہ تراشے جائیں اور اس کے بال نہ کاٹے جائیں۔

No comments: