Mayat par Nimaz parhne ka bayan
میت پر نماز پڑھنے کا بیان
سوال : میت پر نماز پڑھنے کا طریقہ بیان کیجئے؟
جواب : جب میت پر نماز پڑھنا چاہیں تو امام اس کے سینہ کے مقابل کھڑا ہو اور لوگ امام کے پیچھے کھڑے ہوں اور امام ان کو تین صفوں میں تقسیم کرے پس امام اور اسی طرح مقتدی تکبیر کہیں پس وہ اللّٰه کی حمد و ثناء کہیں۔ اور اگر چاہیں تو سبحانک اللہم اس کے آخر تک پڑھیں پھر دوسری تکبیر کہیں اور نبی پاک صلی اللّٰه علیه واله وسلّم پر درود پاک بھیجیں پھر تیسری تکبیر کہیں اس کے بعد میت کے لیے اور زندہ و مردہ مسلمانوں کے لیے دعا کریں پھر چوتھی تکبیر کہیں اور اس کے بعد سلام پھیریں ۔
سوال : نماز جنازہ میں نابالغ بچہ کن الفاظ کے ساتھ دعا کرے ؟
جواب :اس کے لیے اپنی دعا میں کہے :
اللہم اجعله لنا فرطا اس کے آخر تک۔
سوال : کیا وہ نماز جنازہ کی تکبیرات میں ہاتھوں کو اٹھائیں؟
جواب : وہ صرف پہلی تکبیر کے وقت اپنے ہاتھوں کو اٹھائیں۔
سوال : کیا نماز جنازہ کی ادا کے لیے جماعت شرط ہے؟
جواب : شرط نہیں ، پس اگر اس میت پر ایک مرد یا ایک عورت نماز پڑھ لے تو یہ عمل اس نماز کی ادا سے کفایت کرے گا یعنی اس سے فرض کفایہ ادا ہو جائے گا۔
سوال : نماز جنازہ میں کیا شرط و فرض ہے؟
جواب : اس میں شرط ہے : حدثِ اکبر و اصغر سے پاک ہونا اور اسی طرح کپڑے اور جگہ کا پاک ہونا اور نیز شرط ہے : میت کا پاک ہونا اور اس کو نمازی کے آگے رکھنا اور اس میں دو چیزیں فرض ہیں : قیام اور چار تکبیریں ، اور اس کے سوا تو وہ سنت ہے۔
سوال : کیا اس مسجد میں میت پر نماز پڑھی جائے جو پانچوں نمازوں کے لیے بنائی گئی ہے؟
جواب : مسجد میں نماز جنازہ مکروہ ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللّٰه علیه واله وسلّم مسجد کے باہر نماز جنازہ پڑھتے تھے اور جنازے مسجد کے باہر رکھے جاتے تھے۔
سوال : نماز جنازہ میں امامت کا لوگوں میں سے زیادہ حقدار کون ہے؟
جواب : اس کی امامت کا لوگوں میں سے زیادہ حقدار بادشاہ ہے اگر حاضر ہو پس ، اگر حاضر نہ ہو تو محلہ کا امام پھر ولی زیادہ حقدار ہے۔
سوال : اگر ولی اور بادشاہ کے غیر نے میت پر نماز پڑھ لی تو ولی کے لیے جائز ہے کہ نماز لوٹائے؟
جواب : جی ہاں ! یہ اس کے لیے جائز ہے۔
سوال : اگر ولی نے میت کر نماز پڑھ لی تو کیا نماز لوٹانا کسی کے لیے جائز ہے؟
جواب : جب ولی میت پر نماز پڑھ چکے تو جائز نہیں کہ کوئی اس کے بعد میت پر نماز پڑھے ۔
سوال : جب میت دفن کردی جائے اس حال میں کہ اس پر نماز نہ پڑھی گئ ہو تو اس کا کیا حکم ہے؟
جواب : اس کی قبر پر تین دن تک نماز پڑھی جا سکتی ہے اور اس کے بعد نماز نہ پڑھی جائے۔

No comments: